پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری برآمدات کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ کمانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے،محمدکاشف اشفاق

فیصل آباد۔ 03 مارچ (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیئرمین محمدکاشف اشفاق نے کہا ہے فرنیچر سازی کا شعبہ برآمدات کے حوالے سے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ یہ شعبہ نہ صرف مقامی سطح پر لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرتا ہے بلکہ فرنیچر کی عالمی مارکیٹ میں بھی ہاتھ سے کندہ شدہ لکڑی کے پاکستانی فرنیچر کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ …

فیصل آباد۔ 03 مارچ (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیئرمین محمدکاشف اشفاق نے کہا ہے فرنیچر سازی کا شعبہ برآمدات کے حوالے سے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ یہ شعبہ نہ صرف مقامی سطح پر لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرتا ہے بلکہ فرنیچر کی عالمی مارکیٹ میں بھی ہاتھ سے کندہ شدہ لکڑی کے پاکستانی فرنیچر کی بہت زیادہ مانگ ہے۔ ہمارے ثقافتی ورثے اور نسل در نسل چلے آ رہے ہنرمند کاریگروں کی لگن، محنت اور مہارت کا اعتراف ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو فرنیچر سازی کا اہم مرکز تسلیم کیا جاتا ہے۔

ایک ملاقات کے دوران انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری برآمدات کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ کمانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے تاہم دستیاب مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے ضروری ہے کہ فرنیچر سازی سے وابستہ مقامی ہنر مندوں کو عالمی سطح پر فرنیچر سازی میں آنے والی جدت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے طویل المدت پالیسی تشکیل دے کر اس پر عملدرآمد کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ فرنیچر انڈسٹری کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لئے نوجوان طبقے اور خواتین کو جدید ڈیزائننگ سافٹ ویئرز اور مشینری کے استعمال کی تربیت فراہم کرنے کے علاوہ ماحول دوست مواد کے استعمال سے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ممکن ہے بلکہ عالمی معیار پر پورا اترنے والی مصنوعات بھی تیار کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی سطح پر اس شعبے میں تحقیق و ترقی کو فروغ دینے کے لئے فرنیچر ڈیزائن انسٹی ٹیوٹ کا قیام مقامی تخلیقی صلاحیتوں کو عالمی رجحانات سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فرنیچر انڈسٹری کو برآمدی قوت بنانے کے لیے ایک جامع اور مربوط حکمت عملی کے تحت کم شرح سود پر قرضوں کی فراہمی، ایکسپورٹ فنانسنگ تک آسان رسائی اور ریگولیٹری قوانین میں اصلاحات کرنے کی ضرورت ہے جس کیلئے پالیسی کا تسلسل، کاروبار دوست ماحول اور عالمی منڈیوں تک رسائی کو یقینی بنانے کے لئے معاون ماحول فراہم کرکے ناصرف فرنیچر انڈسٹری کی برآمدات کو بڑھایا جا سکتا ہے بلکہ مقامی سطح پر روزگار کی فراہمی میں بھی اضافہ ممکن ہے۔