لاہور۔4مارچ (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے بدھ کے روز لاہور چیمبر میں روسی زبان کے کورس کا افتتاح کیا، جس کا مقصد ثقافت اور زبان کے ذریعے پاک روس کے درمیان تجارتی و ثقافتی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے نائب صدر خرم لودہی، روسی ایلومنائی ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر اشرف نظامی، روس کے اعزازی سفیر …
لاہور چیمبر میں روسی زبان کورس کا آغازپاک روس تجارتی روابط فروغ کی جانب اہم قدم ہے،فہیم الرحمن سہگل
لاہور۔4مارچ (اے پی پی):لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فہیم الرحمن سہگل نے بدھ کے روز لاہور چیمبر میں روسی زبان کے کورس کا افتتاح کیا، جس کا مقصد ثقافت اور زبان کے ذریعے پاک روس کے درمیان تجارتی و ثقافتی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔اس موقع پر لاہور چیمبر کے نائب صدر خرم لودہی، روسی ایلومنائی ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر اشرف نظامی، روس کے اعزازی سفیر برائے تعلیم، سائنس و ثقافت ڈاکٹر شاہد حسن سمیت ممتاز تعلیمی و ثقافتی شخصیات بھی موجود تھیں۔ کورس کے انسٹرکٹر امتیاز الحق ہوں گے ، جو اس سے قبل بھی لاہور چیمبر میں روسی زبان کے پروگرام کی تکمیل اور تدریس کر چکے ہیں ۔
اس پروگرام کا مقصد شرکاء کو عملی زبان کی مہارت فراہم کرنا ہے تاکہ روسی شراکت داروں کے ساتھ تجارتی رابطوں، تعلیمی تعاون اور پیشہ ورانہ تبادلوں کو فروغ دیا جا سکے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور چیمبر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ روس ایک بڑی عالمی معیشت اور پاکستان کے لیے ابھرتی ہوئی تجارتی منڈی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت میں حالیہ برسوں کے دوران بہتری آئی ہے، تاہم یہ اب بھی اپنی حقیقی صلاحیت سے کہیں کم ہے۔
انہوں نے پاکستان کے اسٹریٹجک جغرافیائی محلِ وقوع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیاء کے لیے ایک قدرتی گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے، جو روس کو گرم پانیوں تک رسائی اور علاقائی منڈیوں تک کم لاگت تجارتی راہداریوں، لاجسٹک سہولیات اور بہتر روابط کے ذریعے جنوبی ایشیا، وسطی ایشیاء اور مشرق وسطی سے جوڑ سکتا ہے۔









