چین تیزی سے عالمی تجارت ومعاشی ترقی کا مرکز بنتا جا رہا ہے،میاں کاشف اشفاق

لاہور۔8مارچ (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ چین تیزی سے عالمی تجارت اور معاشی ترقی کا مرکز بنتا جا رہا ہے ۔ وہ اتوار کو لاہور میں نیو ورلڈ آرڈر اِن دی میکنگ کے موضوع پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایک نیا عالمی معاشی نظام ابھر رہا ہے جس کا …

لاہور۔8مارچ (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ چین تیزی سے عالمی تجارت اور معاشی ترقی کا مرکز بنتا جا رہا ہے ۔ وہ اتوار کو لاہور میں نیو ورلڈ آرڈر اِن دی میکنگ کے موضوع پر منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایک نیا عالمی معاشی نظام ابھر رہا ہے جس کا مرکز چین ہے۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2026 کا آغاز آئرلینڈ کے وزیر اعظم مارٹن میخائل کے دورہ بیجنگ سے ہوا جس کے بعد کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی نے بھی چین کا دورہ کیا۔ اسی طرح برطانیہ کے وزیر اعظم کیئر سٹارمر بھی اہم کابینہ ارکان اور کاروباری شخصیات کے ہمراہ چین گئے، جبکہ یوراگوئے کے صدر اور جرمنی کے چانسلر نے بھی چین کا دورہ کیا۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ یہ تمام اشارے اس بات کی طرف جا رہے ہیں کہ مستقبل میں عالمی طرزِ حکمرانی، ترقی اور سکیورٹی کے حوالے سے ایک نیا نظام سامنے آئے گا جس کا محور چین ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تعلقات اور معاشی شراکت داریوں میں تنوع سے خطرات کم اور معاشی تحفظ میں اضافہ ہوگا، دنیا میں ہونے والی یہ تبدیلیاں دیرپا اثرات مرتب کریں گی، اس لیے ممالک کو نئی حقیقتوں کے مطابق خود کو ڈھالنا اور جدید حل تلاش کرنا ہوں گے۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ چین اصلاحات، کھلے پن اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے نئے شعبوں کو کھولنے کی پالیسی پر گامزن ہے جبکہ چوتھے صنعتی انقلاب کا سب سے اہم عنصر نایاب دھاتیں ہیں اور اس شعبے میں چین ایک بڑی عالمی طاقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے مختلف ممالک اپنی صنعتوں کو مضبوط بنانے، معاشی انحصار کم کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین دنیا کی تقریبا ایک تہائی صنعتی پیداوار کرتا ہے جس کی وجہ سے وہ ایک مضبوط صنعتی طاقت بن چکا ہے۔