صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ 14 سے 16 اپریل2026 تک جکارتہ، انڈونیشیاء میں منعقد ہونے والی D-8 بزنس کانفرنس اورD-8 حلال ایکسپو انڈونیشیاء 2026 میں شرکت کے لیے ایک اعلی سطحی تجارتی وفد کی قیادت کریں گے۔
ایف پی سی سی آئی کا تجارتی وفدبزنس کانفرنس وحلال ایکسپو میں شرکت کرے گا،عاطف اکرام شیخ

مزید خبریں
لاہور۔12مارچ (اے پی پی):صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ 14 سے 16 اپریل2026 تک جکارتہ، انڈونیشیاء میں منعقد ہونے والی D-8 بزنس کانفرنس اورD-8 حلال ایکسپو انڈونیشیاء 2026 میں شرکت کے لیے ایک اعلی سطحی تجارتی وفد کی قیادت کریں گے۔ اس حوالے سے صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے بتایا کہ یہ اہم تقریباتD-8 تنظیم برائے اقتصادی تعاون کے آئندہ سربراہی اجلاس کے موقع پر منعقد کی جا رہی ہیں۔ اس تنظیم میں بنگلہ دیش، مصر، انڈونیشیائ، ایران، ملائیشیائی، نائیجیریا، پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان شامل ہیں۔
کانفرنس میں ان ممالک کے اعلی سرکاری حکام، چیمبرز آف کامرس کے نمائندگان، سرمایہ کار، صنعتکار، درآمد کنندگان، ڈسٹری بیوٹرز اور بڑے خریداروں کی شرکت متوقع ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ D-8 خطہ ایک ارب سے زائد آبادی پر مشتمل ایک بڑی تجارتی منڈی ہے جس میں پاکستان کے لیے وسیع معاشی امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں D-8 ممالک کے درمیان باہمی تجارت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس وقت یہ حجم 140 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر چکا ہے جورکن ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے مزید کہا کہ پاکستان کیD-8 ممالک کے ساتھ تجارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا اور بہتر کاروباری روابط وتجارتی سہولتوں کے ذریعے اس میں مزید وسعت کے مواقع موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہD-8 حلال ایکسپو انڈونیشیاء 2026 حلال خوراک و مشروبات، دواسازی و غذائی سپلیمنٹس، کاسمیٹکس و ذاتی نگہداشت کی مصنوعات، گوشت و زرعی مصنوعات، اسلامی مالیاتی خدمات اور پیکیجنگ سے متعلق صنعتوں کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ نے واضح کیا کہD-8 ممالک سے بڑی تعداد میں مندوبین اس کانفرنس اور ایکسپو میں شرکت کریں گے۔ یہ تقریب پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے نئی تجارتی منڈیاں تلاش کرنے، کاروباری روابط قائم اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کرنے وD-8 خطے میں پاکستان کی برآمدات بڑھانے کا بہترین موقع فراہم کرے گی۔انہوں نے کہاکہ ایف پی سی سی آئی نے اپنی رکن ٹریڈ باڈیز،D-8 ممالک کے ساتھ قائم بزنس کونسلز اور پاکستان کے نمایاں برآمد کنندگان کو اس وفد میں شامل ہونے کے لیے اپنی نامزدگیاں بھیجنے کی دعوت دی ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ اس وفد میں شرکت اپنی ذاتی مالی ذمہ داری پر ہوگی جبکہ درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 مارچ 2026 مقرر کی گئی ہے۔








