قالینوں کی عالمی نمائش کیلئے مالی معاونت ،بیرون ممالک نمائشوں میں شرکت کیلئے سبسڈی سکیم بحال کی جائے، کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن

اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان اور ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ سے رواں سال لاہورمیں ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش کے انعقاد کیلئے مالی معاونت اوربیرونِ ممالک عالمی نمائشوں میں شرکت کیلئے 80/20 سبسڈی سکیم کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمن اور وائس چیئرمین ریاض احمد کی زیر صدارت اجلاس میں چیئر …

اسلام آباد۔15مارچ (اے پی پی):پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان اور ایکسپورٹ ڈیویلپمنٹ فنڈ سے رواں سال لاہورمیں ہاتھ سے بنے قالینوں کی عالمی نمائش کے انعقاد کیلئے مالی معاونت اوربیرونِ ممالک عالمی نمائشوں میں شرکت کیلئے 80/20 سبسڈی سکیم کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عتیق الرحمن اور وائس چیئرمین ریاض احمد کی زیر صدارت اجلاس میں چیئر پرسن کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اعجاز الرحمن ،سینئر ممبر عثمان اشرف ، میجر (ر) اختر نذیر ، سعید خان سمیت دیگر رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران خطے کی کشیدہ صورتحال کے تناظر میں برآمدات پر مرتب ہونے والے اثرات ، پنجاب حکومت کی جانب سے سیس ٹیکس کی قائمہ کمیٹی سے منظوری ،ہاتھ سے بنے قالینوں کی تیاری کیلئے درکار جزوی تیار خام مال کی سپلائی کے مسائل سمیت دیگر متعلقہ امور پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر چیئرمین میاں عتیق الرحمن اور وائس چیئرمین ریاض احمد نے کہا کہ پاکستان کارپٹ ایکسپو 2026کے انعقاد کے لئے منصوبہ بندی شروع کر دی گئی ہے جس کا مقصد پاکستان کے ہاتھ سے بنے قالینوں کو عالمی منڈی میں فروغ دینا اور ملکی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔ یہ نمائش غیر ملکی خریداروں، درآمد کنندگان اور عالمی تاجروں کو پاکستانی قالینوں کی معیاری مصنوعات سے روشناس کرانے کیلئے ایک موثر پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔

انہوں نے اپیل کی کہ عالمی نمائش کے انعقاد کیلئے ٹی ڈی اے پی اور ای ڈی ایف کے ذریعے فوری طور پر فنڈز فراہم کئے جائیں تاکہ تیاریوں کو موثر طریقے سے آگے بڑھایا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی صنعت کو پیداواری لاگت میں اضافہ، برآمدات میں کمی اور عالمی تجارتی نمائشوں میں محدود شرکت جیسے مسائل کا سامنا ہے،حکومتی سرپرستی اور مالی معاونت سے عالمی نمائش کا انعقاد پاکستانی قالینوں پر عالمی اعتماد بحال کرنے اور نئے برآمدی آرڈرز حاصل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی ۔

ایسوسی ایشن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بیرونِ ملک نمائشوں میں شرکت کیلئے 80/20 سبسڈی سکیم کو فوری طور پر بحال کیا جائے،اس سہولت کی بحالی سے قالین برآمد کنندگان کو بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کا موقع ملے گا اور وہ عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کر کے قومی برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکیں گے۔