خلیج تعاون کونسل کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
خلیج تعاون کونسل کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے ترسیلات زر میں 5 فیصد اضافہ
اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):خلیج تعاون کونسل کے ممالک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کے ترسیلات زر میں جاری مالی سال کے دوران سالانہ بنیادوں پر 5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں کویت، بحرین، قطر اور عمان میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 2.525 ارب ڈالر زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 2.397 ارب ڈالر کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے۔ فروری میں جی سی سی ممالک سے ترسیلات زر کا حجم 317 ملین ڈالر ریکارڈ کیاگیا جو گزشتہ سال فروری کے 307 ملین ڈالر کے مقابلے میں 3 فیصد زیادہ ہے۔
جنوری کے مقابلے میں فروری میں جی سی سی ممالک سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 4 فیصد کی کمی ہوئی۔ جنوری میں جی سی سی ممالک سے ترسیلات زر کا حجم 331 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو فروری میں کم ہو کر 307 ملین ڈالر ہو گیا۔ واضح رہے کہ مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ میں سمندر پار پاکستانیوں کے مجموعی ترسیلات زر کاحجم 26.49 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 23.97 ارب ڈالر کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔









