بینکوں کی جانب سے گاڑیوں کی خریداری کےلئے آٹو فنانسنگ میں فروری کے دوران سالانہ بنیادوں پر نمایاں اضافہ

ینکوں کی جانب سے گاڑیوں کی خریداری کےلئے قرضہ جات کے اجراء( آٹو فنانسنگ) میں فروری کے دوران سالانہ بنیادوں پر نمایاں اضافہ ریکار کیا گیا ہے۔

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):بینکوں کی جانب سے گاڑیوں کی خریداری کےلئے قرضہ جات کے اجراء( آٹو فنانسنگ) میں فروری کے دوران سالانہ بنیادوں پر نمایاں اضافہ ریکار کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق فروری میں آٹو فنانسنگ کے تحت 337ارب روپے کے قرضہ جات جاری کئے گئے جو گزشتہ سال فروری کے مقابلے میں 35.3فیصد زیادہ ہیں ۔ گزشتہ سال فروری میں آٹو فنانسنگ کے تحت 249ارب روپے کے قرضہ جات جاری کئے گئے تھے ۔ جنوری کے مقابلے میں فروری میں آٹو فنانسنگ میں ماہانہ بنیادوں پر2.6فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ۔

جنوری میں آٹو فنانسنگ کے تحت 328ارب روپے کے قرضہ جات جاری کئے گئے تھے جو فروری میں بڑھ کر337ارب روپے ہوگئے۔واضح رہے کہ فرور ی کے اختتام پرنجی شعبے کو بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ مجموعی قرضہ جات کا حجم 9.174ٹریلین روپے ریکارڈکیاگیا ہے جو گزشتہ سال فروری کے مقابلے میں 12.9فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ سال فروری کے اختتام پر نجی شعبے کو بینکوں کی جانب سے فراہم کردہ مجموعی قرضوں کاحجم 8.124ٹریلین روپے ریکارڈکیا گیا تھا ۔