پاکستان خلیجی ممالک کی بڑھتی ہوئی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے بہترین پوزیشن میں ہے، شاہد عمران

لاہور۔20مارچ (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ پاکستان خلیجی ممالک کی بڑھتی ہوئی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے بہترین پوزیشن میں ہے،ایران جنگ کے باعث خلیجی ممالک میں پیدا ہونے والے نئے معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستانی تجارتی ادارے اور برآمد کنندگان فوری اور موثر حکمت عملی اپنائیں۔ لاہور …

لاہور۔20مارچ (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ پاکستان خلیجی ممالک کی بڑھتی ہوئی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے بہترین پوزیشن میں ہے،ایران جنگ کے باعث خلیجی ممالک میں پیدا ہونے والے نئے معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستانی تجارتی ادارے اور برآمد کنندگان فوری اور موثر حکمت عملی اپنائیں۔

لاہور میں برآمد کنندگان کے ایک وفد جس کی قیادت نثار احمد حنیف گجر کر رہے تھے،سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد عمران نے کہا کہ پاکستان اپنی مضبوط زرعی بنیاد اور متنوع غذائی پیداوار کی وجہ سے خلیجی ممالک کی بڑھتی ہوئی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے بہترین پوزیشن میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حالیہ دنوں میں پاکستانی برآمد کنندگان کو چاول، گوشت، پھلوں، سبزیوں اور پراسیسڈ فوڈز سمیت اسنیکس کی مانگ میں واضح اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر اس صورتحال کو دانشمندی اور حکمت عملی کے ساتھ سنبھالا جائے تو پاکستان نہ صرف اپنی برآمدات میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے بلکہ خلیجی ممالک کے لیے ایک قابل اعتماد اور طویل المدتی غذائی سپلائر کے طور پر اپنی شناخت بھی قائم کر سکتا ہے، جو ملکی معیشت کے استحکام میں مثبت کردار ادا کرے گا۔ شاہد عمران نے کہا پاکستان کی حلال سرٹیفائیڈ گوشت کی صنعت کو خلیجی منڈیوں میں خاص برتری حاصل ہے کیونکہ وہاں معیار اور مذہبی تقاضوں کی سختی سے پابندی کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث روایتی برآمد کنندگان کی سپلائی چین متاثر ہو رہی ہے، جس کے نتیجے میں خلیجی ممالک متبادل اور قابل اعتماد ذرائع کی تلاش میں ہیں اور پاکستان اس خلا کو پر کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی جانب سے برآمدات کے فروغ کے لیے واضح اشارے اور بین الاقوامی معیار پر مکمل عملدرآمد سے پاکستان اپنی برآمدی صلاحیت میں نمایاں اضافہ کر سکتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ کولڈ چین سسٹم کو مضبوط بنانا اور مصنوعات کے معیار کو مستقل برقرار رکھنا نہایت ضروری ہوگا تاکہ خلیجی خریداروں کے ساتھ طویل المدتی تجارتی تعلقات استوار کیے جا سکیں۔ شاہد عمران نے اس بات پر بھی زور دیا کہ موجودہ حالات پاکستان کے لیے ایک سنہری موقع ہیں، جس سے فائدہ اٹھا کر ملک اپنی فوڈ ایکسپورٹس کو نئی بلندیوں تک لے جا سکتا ہے۔