برطانیہ کا عالمی تجارتی نظام میں ترقی پذیر ممالک کی زیادہ مؤثر شمولیت میں معاونت کےلئے 13 ملین پاؤنڈز امداد کا اعلان

برطانیہ نے ترقی پذیر ممالک کی عالمی تجارتی نظام میں زیادہ مؤثر انداز میں حصہ لینے میں معاونت کےلئے 13 ملین پاؤنڈ امداد کا اعلان کیاہے، اس ضمن میں عالمی تجارتی تنظیم(ڈبلیو ٹی او)کے فشریز فنڈ کو 10 لاکھ پاؤنڈ منتقل کردیے گئے ہیں۔

اسلام آباد۔26مارچ (اے پی پی):برطانیہ نے ترقی پذیر ممالک کی عالمی تجارتی نظام میں زیادہ مؤثر انداز میں حصہ لینے میں معاونت کےلئے 13 ملین پاؤنڈ امداد کا اعلان کیاہے، اس ضمن میں عالمی تجارتی تنظیم(ڈبلیو ٹی او)کے فشریز فنڈ کو 10 لاکھ پاؤنڈ منتقل کردیے گئے ہیں۔ ڈبلیو ٹی او کی جانب سے جمعرات کوجاری بیان کے مطابق 13 ملین پاؤنڈ کی یہ معاونت سرکاری ترقیاتی امداد کے تحت فراہم کی جارہی ہے تاکہ ترقی پذیر معیشتیں عالمی تجارتی نظام میں زیادہ مؤثر انداز میں حصہ لے سکیں۔

برطانیہ کے محکمہ کاروبار و تجارت کے وزیرِ مملکت کرس برینٹ نے 14ویں ڈبلیو ٹی او وزارتی کانفرنس کے موقع پر بتایا کہ یہ فنڈنگ پیکیج سات اہم منصوبوں میں تقسیم کیا جائے گا جو ترقی پذیر معیشتوں میں شراکت دار حکومتوں اور کاروباری اداروں کے ساتھ براہِ راست کام کرتے ہوئے نظام کو جدید بنانے اور عالمی منڈیوں سے روابط مضبوط بنانے میں مدد دے رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ترقی پذیر ممالک کو مؤثر تجارت کے قابل بنا کر برطانیہ ایک مضبوط عالمی معیشت کے قیام میں اپناکرداراداکررہاہے جس سے قابلِ اعتماد تجارتی شراکت دار پیدا ہوں گے اور اس کے فوائد ترقی پذیر ممالک اور برطانیہ دونوں کوہوں گے۔

انہوں نےکہاکہ تجارت ترقی کے فروغ اور مواقع پیدا کرنے کا سب سے طاقتور ذریعہ ہے، ایڈفارٹریڈپروگراموں میں یہ سرمایہ کاری اس بات کا ثبوت ہے کہ برطانیہ ایسے عالمی تجارتی نظام کے لیے پُرعزم ہے جو صرف امیر ممالک ہی نہیں بلکہ سب کے لیے کام کرے۔انہوں نے کہاکہ ترقی پذیر ممالک کے ساتھ مل کر تجارتی رکاوٹوں کو دور کر کے ہم برطانوی کاروباروں کے لیے نئی منڈیاں کھول رہے ہیں جبکہ وہاں معاشی ترقی کو بھی فروغ دے رہے ہیں جہاں اس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک مضبوط اور منصفانہ کثیرالجہتی تجارتی نظام ہم سب کے لیے فائدہ مند ہے۔