اکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے وزیرِ اعظم محمدشہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی پیشکش کو دوراندیش اور بروقت سفارتی اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور ستائش کی ہے۔
پاکستان کی ایران امریکا کشیدگی کم کرانے کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں، میاں کاشف اشفاق
لاہور۔26مارچ (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے وزیرِ اعظم محمدشہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی پیشکش کو دوراندیش اور بروقت سفارتی اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی بھرپور ستائش کی ہے۔ لاہور میں صنعتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے جس کی قیادت نثار احمد حنیف گجر کر رہے تھے، میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے جاری مشرقِ وسطی کی کشیدہ صورتحال میں مفاہمت کی یہ پیشکش نہ صرف مثبت پیش رفت ہے بلکہ اس سے نتیجہ خیز اور قابلِ عمل مذاکرات کی راہ بھی ہموار ہو سکتی ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ فریقین پر زور دیا کہ وہ خطے اور دنیا کے وسیع تر مفاد میں امن کو موقع دیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا متوازن اور فعال سفارتی کردار عالمی امن، مکالمے اور تعمیری روابط کے فروغ کے عزم کا عکاس ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرقِ وسطی میں بڑھتی کشیدگی کے اثرات صرف خطے تک محدود نہیں بلکہ عالمی استحکام، توانائی کی منڈیوں اور معاشی ترقی پر بھی گہرے اثرات مرتب کرتے ہیں اس لیے بروقت ثالثی کی کوششیں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان کو اپنی قابلِ اعتماد سفارتی حیثیت اور دونوں ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات کی وجہ سے ایک موثر ثالث کا کردار ادا کرنے کا منفرد موقع حاصل ہوا جس کے ذریعے بامعنی مذاکرات کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر وفد کے قائد نثار احمد حنیف گجر نے بھی پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے امن اقدامات نہ صرف علاقائی کشیدگی کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے بلکہ تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کے لیے سازگار ماحول بھی فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے قیام سے پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کو بھی فائدہ ہوگا خصوصا توانائی کی فراہمی اور عالمی منڈیوں میں استحکام کے حوالے سے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔









