پنجاب میں 22.5 ملین ٹن سے زائد گندم پیداوار متوقع ہے،سیکرٹری زراعت پنجاب

سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ رواں سال پنجاب میں گندم کی پیداوار 22.5 ملین میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کی توقع ہےجو زرعی شعبے کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔

ملتان۔ 27 مارچ (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے کہا ہے کہ رواں سال پنجاب میں گندم کی پیداوار 22.5 ملین میٹرک ٹن سے تجاوز کرنے کی توقع ہےجو زرعی شعبے کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں گندم اور کپاس کی موجودہ صورتحال کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں زرعی ماہرین اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ دیگر افسران آن لائن شریک ہوئے۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ فیلڈ رپورٹس کے مطابق گندم کی فصل کی صورتحال تسلی بخش اور حوصلہ افزا ہے۔ سیکرٹری زراعت نے ہدایت کی کہ موسمی حالات کے پیش نظر گندم کی کٹائی، گہائی، ذخیرہ اور ترسیل کے حوالے سے کسانوں کو بروقت رہنمائی فراہم کی جائے تاکہ کسی قسم کی مشکلات سے بچا جا سکے۔

کپاس کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں تقریباً 35 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کی جائے گی جبکہ اگیتی کاشت کا عمل آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ 31 مارچ تک اگیتی کپاس کی کاشت کا ہدف مکمل کیا جائے۔سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ عالمی مارکیٹ میں کپاس کی قیمتوں میں استحکام اور اضافے کے امکانات روشن ہیں اس لیے کاشتکاروں کو جدید حکمت عملی اور بروقت رہنمائی فراہم کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بہاولپور ڈویژن کو ’’کاٹن ویلی‘‘ بنانے کے لیے تقریباً 2 ارب روپے کے منصوبے کا آغاز کیا جا چکا ہے، جس کے تحت چیزل پلو، کاٹن ماڈل فارمز اور پاور سپریئرز پر سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ جدید زرعی اقدامات اور حکومتی سہولیات کے ذریعے زرعی پیداوار میں مزید اضافہ یقینی بنایا جائے گا۔