لاہور۔29مارچ (اے پی پی):معروف موسیقار سجاد طافو نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے فنڈز کی فراہمی مثبت قدم ہے، موسیقی کے شعبے کو بھی جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے حکومتی تعاون ناگزیر ہے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے سجاد طافو نے کہا کہ فلم اور میوزک کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور ہمارا طافو گھرانہ پاکستان کی فلمی …
فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے فنڈز کی فراہمی پنجاب حکومت کا مثبت قدم ہے،سجاد طافو

مزید خبریں
لاہور۔29مارچ (اے پی پی):معروف موسیقار سجاد طافو نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے پنجاب حکومت کی جانب سے فنڈز کی فراہمی مثبت قدم ہے، موسیقی کے شعبے کو بھی جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے حکومتی تعاون ناگزیر ہے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے سجاد طافو نے کہا کہ فلم اور میوزک کا چولی دامن کا ساتھ ہے اور ہمارا طافو گھرانہ پاکستان کی فلمی موسیقی کی 50 کی دہائی سے خدمت کر رہا ہے، میرے والد استاد طافو، میرے نانا ماسٹر عنایت حسین اور فیملی کے بڑے موسیقار اختر حسین اکھیاں،ماسٹر عبداللہ نے بھی موسیقی میں نام کمایا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا خاندان گزشتہ 70 سال سے فلم انڈسٹری کے لئے موسیقی ترتیب دے رہا ہے، جس کے کریڈٹ پر2500 فلموں کے گیت ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ 1972 سے اس فن کی خدمت کر رہے ہیں، یہ شرف ہمارے خاندان کو ہی جاتا ہے کہ جنہوں نے معروف ملی نغمات "اے وطن پیارے وطن پاک وطن،اپنی جاں نذر کروں اپنی وفا پیش کروں”اور جنگی ترانہ ” ساتھیو،جاگ اٹھا ہے سارا وطن پیش کرکے ساری عوام کی نمائندگی کا شرف حاصل کیا ہے.
انہوں نے کہا کہ فلمی نغمات میں شہرہ آفاق گیت آج بھی لوگوں کے دلوں پر راج کرتے ہیں جن میں مشہور زمانہ "سن وے بلوری اکھ والیا، کیہ دم دا بھروسہ یار اور کہاں تک سنو گے کہاں تک سناں” سمیت اسی طرح کے سینکڑوں معروف گیت میوزک سے آراستہ کئے۔ انہوں نے زور دیا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق موسیقی کی تیاری کے لیے جدید آلات نہایت ضروری ہیں، جن میں براس بینڈ، سیکسوفون ، آرکسٹرا اور ریکارڈنگ کا سامان ، کمپیوٹرز، ہارمونیم، طبلہ ، پیانو، وائلن ، ڈھولک ، فلیوٹ سمیت دیگر جدید سامان شامل ہے ،جن کی خریداری کے لیے سرکاری سطح پر مالی معاونت فراہم کی جانی چاہیئے ۔
انہوں نے وزیراعلی مریم نواز اور وزیر اطلاعات عظمی بخاری سے اپیل کی کہ جس طرح پنجاب کی فلم انڈسٹری کو فعال کرنے کیلئے فنڈز جاری کئے گئے ہیں اسی طرح موسیقاروں کو بھی جدید آلات کیلئے فنڈز جاری کیے جائیں انہوں نے مزید کہا کہ اگر موسیقاروں کو بھی سہولیات اور وسائل میسر آئیں گے تو موسیقی کوجدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے میں مدد ملنے کے ساتھ ساتھ مقامی و بین الاقوامی سطح پر بھی نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہے۔








