اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کے آغاز پر غیرمعمولی تیزی دیکھنے میں آئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای-100 انڈیکس 7461 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ 156233 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ مارکیٹ میں اچانک اور شدید تیزی کے باعث متعلقہ حکام کی جانب سے کاروبار کو عارضی طور پر ایک گھنٹے کے لیے معطل (ٹریڈنگ ہالٹ) کر …
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، ہنڈرڈ انڈیکس میں تاریخی اضافہ
اسلام آباد۔1اپریل (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کاروبار کے آغاز پر غیرمعمولی تیزی دیکھنے میں آئی جس کے نتیجے میں کے ایس ای-100 انڈیکس 7461 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ 156233 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔ مارکیٹ میں اچانک اور شدید تیزی کے باعث متعلقہ حکام کی جانب سے کاروبار کو عارضی طور پر ایک گھنٹے کے لیے معطل (ٹریڈنگ ہالٹ) کر دیا گیا تاکہ سرمایہ کاروں کو صورتحال کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کیا جا سکے اور مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر کے ایس ای-100 انڈیکس 1,900 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 148,743 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا، جو پہلے ہی مثبت رجحان کی عکاسی کر رہا تھا۔
دوسری جانب عالمی اور علاقائی مارکیٹس میں بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آیا۔ ایشیائی سٹاک مارکیٹس میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں جنوبی کوریا کے کوسپی انڈیکس میں تقریباً 5.5 فیصد، جاپان کے نکئی انڈیکس میں 5 فیصد، ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 2 فیصد، چین کے شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں 1.5 فیصد جبکہ ملائیشیا کے فٹسی برسا انڈیکس میں 1 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ماہرین کے مطابق سٹاک مارکیٹ میں یہ تیزی سرمایہ کاروں کے بڑھتے ہوئے اعتماد، بہتر معاشی اشاریوں اور عالمی مارکیٹس میں مثبت رجحان کا نتیجہ ہو سکتی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ حکومت اور متعلقہ ادارے مارکیٹ کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں تاکہ سرمایہ کاروں کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور مالیاتی نظام میں استحکام برقرار رہے۔









