ملک میں یوریا کی فروخت میں جاری کلینڈر سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر کمی جبکہ ڈی اے پی کھاد کی فروخت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے
یوریا کھاد کی فروخت میں کمی ، ڈی اے پی کی فروخت میں اضافہ
اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):ملک میں یوریا کی فروخت میں جاری کلینڈر سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر کمی جبکہ ڈی اے پی کھاد کی فروخت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ عارف حبیب ریسرچ اینڈ انڈسٹری کے اعدادوشمار کے مطابق جاری سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ملک میں 1037000 ٹن یوریا کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 6 فیصد کم ہے۔ گزشتہ سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں 1100000 ٹن یوریا کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی۔ مارچ میں 568000 ٹن یوریا کی فروخت ہوئی جو فروری کے 251000 ٹن کے مقابلے میں 127 فیصد زیادہ جبکہ گزشتہ سال مارچ کے 307000 ٹن کے مقابلے میں 85 فیصد زیادہ ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق کلینڈر سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک میں 303000 ٹن ڈی اے پی کی فروخت ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے 150000 ٹن کے مقابلے میں 102 فیصد زیادہ ہے۔ مارچ میں ملک میں 162000 ٹن ڈی اے پی فروخت ہوئی جو فروری کے 102000 ٹن کے مقابلے میں 58 فیصد اور گزشتہ سال مارچ کے 49000 ٹن کے مقابلے میں 233 فیصد زیادہ ہے۔









