اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدرافتخار علی ملک نے ایران۔امریکہ جنگ بندی کے تناظر میں پاکستان کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیش رفت خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ …
افتخار علی ملک کی ایران۔امریکہ جنگ بندی کے تناظر میں پاکستان کی قیادت کو خراجِ تحسین
اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدرافتخار علی ملک نے ایران۔امریکہ جنگ بندی کے تناظر میں پاکستان کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پیش رفت خطے میں امن و استحکام کے لیے ایک اہم سنگِ میل ہے۔بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بروقت اور مؤثر سفارتکاری کے ذریعے ایک ممکنہ بڑے بحران کو ٹالنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ان کے مطابق، مشکل حالات میں پاکستان کی دانشمندانہ حکمتِ عملی نے نہ صرف کشیدگی کو کم کیا بلکہ امن کی راہ بھی ہموار کی۔افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری میں ایک ذمہ دار اور امن پسند ریاست کے طور پر اپنی ساکھ مزید مستحکم کی ہے، جسے بین الاقوامی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی متحرک اور فعال سفارتی کاوشوں نے اس مثبت پیش رفت میں اہم کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں فریقین کے درمیان کشیدگی میں کمی ممکن ہوئی۔
انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والی حالیہ سفارتی پیش رفت کو خطے میں پائیدار امن کی جانب ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی متوازن، مثبت اور تعمیری سفارتکاری عالمی سطح پر قابلِ تحسین بن چکی ہے۔افتخار علی ملک کا کہنا تھا کہ پاکستان آئندہ بھی امن، استحکام اور علاقائی تعاون کے فروغ کے لیے اپنا فعال کردار جاری رکھے گا اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر تنازعات کے پرامن حل کی کوششوں کو آگے بڑھاتا رہے گا۔









