نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف حصوں کے لیے جاری بارشوں کی وجہ سے ممکنہ خطرات و آفات کا الرٹ جاری کر دیا ہے
این ڈی ایم اےکے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف حصوں کے لیے جاری بارشوں کی وجہ سے ممکنہ خطرات و آفات کا الرٹ جاری کر دیا
اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف حصوں کے لیے جاری بارشوں کی وجہ سے ممکنہ خطرات و آفات کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔بدھ کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق این ڈی ایم اے کا نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) ملک بھر کے لیے ممکنہ موسمی صورتحال اور خطرات کے حوالے سے پیشگی الرٹ جاری کر رہا ہے۔ موجودہ صورتحال این ای او سی کی جانب سے جنوری میں جاری کردہ اگلے 3 سے 4 ماہ کے دوران متوقع موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔ این ای او سی کی جانب سے اپریل تا جون کی ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ بھی جاری کیا جا رہاہے۔ملک میں جاری بارش، برفباری اور ژالہ باری کے حوالے سے تمام موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے جاری پیشگی الرٹس کے عین مطابق ہے۔اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران مختلف علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کا امکان ہے۔گلگت بلتستان و کشمیر کے ریجن میں گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، خپلو، شگر، مظفرآباد، باغ، حویلی، پونچھ، وادی نیلم، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش، آندھی اور ژالہ باری متوقع ہے۔بالائی علاقوں میں بعض مقامات پر برفباری کا بھی امکان ہے ۔
خیبرپختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کالام، منگورہ، بٹگرام، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ٹانک، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہوائیں متوقع ہے۔پنجاب میں مری، اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، گوجر خان، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، سرگودھا، چنیوٹ، جھنگ، فیصل آباد، لاہور، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، گوجرہ، لیہ، میانوالی، بورے والا، ملتان اور ڈی جی خان میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے بارش اور آندھی کے باعث حد نگاہ میں کمی اور سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں۔ژالہ باری سے فصلوں، گاڑیوں اور کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔برفباری سے پہاڑی علاقوں میں ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔آندھی اور ژالہ باری کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں۔مقامی موسمی ہدایات پر عمل کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔بروقت اطلاع کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ کا استعمال کریں۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کر دی۔









