سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں سالانہ بنیادوں پر8.2فیصدکااضافہ ریکارڈ
سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں سالانہ بنیادوں پر8.2فیصدکااضافہ ریکارڈ
اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):سمندر پار پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں سالانہ بنیادوں پر8.2فیصداضافہ ریکارڈکیاگیا۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق جولائی تا مارچ مالی سال 26ء کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر کی مدمیں مجموعی طور پر 30.3 ارب ڈالر آئے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 8.2 فیصد زیادہ ہے۔ گذشتہ برس کی اسی مدت میں 28 ارب ڈالر موصول ہوئے تھے۔
مارچ 2026ء میں کارکنوں کی ترسیلات زر کی مد میں 3.8 ارب امریکی ڈالر آئے۔نمو کے لحاظ سے ترسیلات زر میں ماہانہ بنیادوں پر 16.5 فیصد اضافہ اور سالانہ بنیادوں پر 5.5 فیصد کمی ہوئی۔ مارچ 2026ء کے دوران کارکنوں کی ترسیلات زر سے رقوم کی آمد کے اہم ذرائع میں سعودی عرب 918.4 ملین ڈالر، متحدہ عرب امارات 823.7 ملین ڈالر، برطانیہ 587.3 ملین ڈالر اور امریکہ 359.3 ملین ڈالر شامل تھے۔









