پاکستان کی کامیاب سفارت کاری پر بھارت میں صف ماتم،کانگریس مودی سرکار پر برس پڑی
پاکستان کی کامیاب سفارت کاری پر بھارت میں صف ماتم،کانگریس مودی سرکار پر برس پڑی

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):پاکستان کی کامیاب سفارت کاری پر بھارت میں صف ماتم بچھ گئی ،کانگریس مودی سرکار پر برس پڑی ہے۔ ایران امریکا جنگ بندی اور اسلام آباد میں جاری مذاکرات بھارت پر بجلی بن کرگرنے لگے اور مودی کو ہرطرف سے تنقید کا سامنا ہے۔ خلیجی جنگ کے تناظر میں بھارت کی سفارتی ناکامی پر اپوزیشن جماعت کانگریس نے نام نہاد ’وشوا گرو‘ مودی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔بھارتی جریدے ڈیکن ہیرالڈ کے مطابق سینئرکانگریس رہنما جئے رام رامیش نےایکس پر پوسٹ میں کہا کہ پاکستان کے بطور ثالث مرکزی کردار نے خودساختہ وشوا گرو مودی کی انداز سیاست پر سنجیدہ سوالات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی "نمستے ٹرمپ” اور” پھر ایک بار ٹرمپ سرکار” مہم کے باوجود امریکا نے پاکستان کویہ کردار کیسے ادا کرنے دیا۔
کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ مودی امریکا کے ساتھ یکطرفہ تجارتی معاہدے پر رضامند ہونے کے باوجودکوئی سیاسی فائدہ نہ اٹھاسکے۔ جئے رام رامیش نے سوال کیا کہ بھارت برکس پلس کی صدارت کے باوجود خلیجی جنگ کے تناظرمیں کوئی مصالحتی قدم کیوں نہ اٹھاسکا۔ ماہرین کے مطابق ایران امریکا جنگ بندی میں پاکستانی کردار کے حوالے سے بھارت میں مودی پر ہونے والی تنقید پاکستان کی سفارتی کامیابی کی عکاس ہے،پاکستان کی سفارتی کامیابی نے بھارت کی خارجہ پالیسی کی ناکامی کو بری طرح بے نقاب کردیا جس پر مودی سرکار شدید دباو میں ہے۔








