لاہور میں افتتاحی میڈ ان پاکستان ایس ایم ای ایکسپو شوکیس2026 کی کامیاب تکمیل کے بعد سمیڈا نے کراچی ایکسپو سینٹر میں گوجرانوالہ کی مصنوعات کی نمائش میں خواتین اور مائیکرو انٹرپرائزز کی شرکت کا اہتمام کیا ہے
میڈ اِن گوجرانوالہ ایکسپو میں سمیڈا کی معاونت سے خواتین اور مائیکرو انٹر پرائزز کی شرکت
لاہور۔12اپریل (اے پی پی):لاہور میں افتتاحی میڈ ان پاکستان ایس ایم ای ایکسپو شوکیس2026 کی کامیاب تکمیل کے بعد سمیڈا نے کراچی ایکسپو سینٹر میں گوجرانوالہ کی مصنوعات کی نمائش میں خواتین اور مائیکرو انٹرپرائزز کی شرکت کا اہتمام کیا ہے۔مذکورہ تین روزہ ایونٹ میں100 سے زائد کمپنیوں نے گوجرانوالہ کی صنعتی طاقت اور جدت کو اجاگر کیا۔قبل ازیں سندھ کے وزیر بلدیات، ہاؤسنگ اور ٹاؤن پلاننگ ناصر حسین شاہ نے گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جی سی سی آئی) کے زیر اہتمام تین روزہ میڈ ان گوجرانوالہ نمائش 2026 کا افتتاح کیا۔سی ای او سمیڈا نادیہ جہانگیر سیٹھ نے اس نمائش میں ایک بیان میں سمیڈا کی شرکت پر تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے مطابق ہم وزارت صنعت و پیداوار کی سرکردگی میں پاکستان میں ایس ایم ای سیکٹر کی ترقی کے لیے سازگار ایکو سسٹم تشکیل دینے کی کوشش کر رہے ہیں جس میں خواتین کی زیر قیادت اور مائیکرو انٹرپرائزز کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔
انہوں نے وضاحت کی کہ میڈ اِن گوجرانوالہ ایکسپو میں مذکورہ دونوں طبقات کی فعال شرکت انہی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ انہیں جدت طرازی اور مارکیٹ تک رسائی، بی ٹوبہ لنکیجز اور ریئل ٹائم سیلز آرڈرز کا موقع فراہم کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ دیگر اقدامات کے علاوہ سمیڈا تکنیکی مشاورتی خدمات، تربیتی پروگراموں اور مصنوعات کی ترقی، برانڈنگ اور بین الاقوامی معیارات کی تعمیل کے بارے میں رہنمائی کے ذریعے ان ایس ایم ایزکی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدامات خاص طور پر خواتین کی زیرقیادت کاروباری اداروں اور مائیکرو بزنسز کے لیے فائدہ مند ہیں کیونکہ یہ انہیں ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے اور باضابطہ مارکیٹوں میں انضمام میں مدد دیں گے۔نمائش میں گھریلو آلات، پلاسٹک فرنیچر، سیرامکس، سینیٹری ویئر، کچن کے سامان اور بجلی کے سامان سمیت مصنوعات کی ایک وسیع صف رکھی گئی۔









