اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹس اور شاپنگ سینٹرز کو رات 9 بجے تک جبکہ ریسٹورنٹس کو رات ساڑھے 11بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے
مارکیٹس اور شاپنگ سینٹرز کو رات 9 بجے جبکہ ریسٹورنٹس کو رات ساڑھے 11بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

مزید خبریں
اسلام آباد۔12اپریل (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے ضلعی انتظامیہ اسلام آباد سے مطالبہ کیا ہے کہ مارکیٹس اور شاپنگ سینٹرز کو رات 9 بجے تک جبکہ ریسٹورنٹس کو رات ساڑھے 11بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی جائے، تاکہ دارالحکومت کے کاروباری اوقات کو سندھ حکومت کے 10 اپریل کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق بنایا جا سکے۔اتوار کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے مارکیٹس، ریسٹورنٹس اور شادی ہالز کے اوقات ایک متوازن ماڈل پیش کرتے ہیں جو توانائی کے تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں کو بھی متاثر نہیں ہونے دیتا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو بھی اسی طرح کا کاروبار دوست مؤقف اپنانا چاہیے تاکہ تاجروں کو سہولت فراہم ہو اور دارالحکومت میں تجارتی سرگرمیاں برقرار رہیں۔سردار طاہر محمود نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں مختلف کاروباری قوانین نافذ کرنا کاروباری و سرمایہ کاری برادری کے لیے منفی پیغام دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی میں یکسانیت معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کے لیے نہایت ضروری ہے اور ایک غیرمربوط ریگولیٹری ماحول کاروبار کے لیے غیر یقینی صورتحال اور عملی مشکلات پیدا کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی کاروباری برادری نے ہمیشہ حکومتی پالیسیوں اور کفایت شعاری اقدامات میں حکومت کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دیتی رہے گی تاہم ایسی پالیسیوں کی ضرورت ہے جو عملی، جامع اور متعلقہ فریقین سے مشاورت کے بعد بنائی جائیں۔انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ غیرضروری پابندیوں کے بجائے سہولت کی توقع رکھتا ہے کیونکہ پائیدار معاشی ترقی کے لیے معاون اور پیشگوئی کے قابل پالیسی ماحول ضروری ہے۔انہوں نے اسلام آباد میں پائیدار معاشی ترقی اور سازگار کاروباری ماحول کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ تعمیری تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔








