گندم خریداری مہم کے لیے انتظامات مکمل،65 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدنے کا ہدف مقرر

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلع سرگودھا میں گندم خریداری مہم کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

سرگودھا۔ 13 اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ضلع سرگودھا میں گندم خریداری مہم کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ محکمہ خوراک کے ترجمان کے مطابق اس سال حکومت پنجاب نے گندم خریداری کے عمل کو مزید شفاف اور سہل بنانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل متعارف کرایا ہے، جس کے تحت نجی شعبے اور ذمہ دار اداروں کے ذریعے کاشتکاروں سے گندم خریدی جائے گی۔ ترجمان کے مطابق اس اسکیم کے تحت کاشتکاروں سے گندم 35 سو روپے فی 40 کلو گرام کے حساب سے خریدی جائے گی۔

کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گندم فروخت کرنے کے لیے پیشگی رجسٹریشن کروائیں اور اپنے اصل شناختی کارڈ اور بینک اکائونٹ کی تفصیلات فراہم کریں تاکہ ادائیگی کا عمل شفاف اور تیز رفتار بنایا جا سکے۔ کاشتکاروں کی رجسٹریشن اور جانچ پڑتال کا عمل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) کے تیار کردہ ایپ کے ذریعے کیا جائے گا جبکہ زمینوں کی تصدیق پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی (پی ایل آر اے) کے ذریعے کی جائے گی۔ تصدیق مکمل ہونے کے بعد کاشتکاروں کو گندم فروخت کی اجازت دی جائے گی۔

مزید بتایا گیا ہے کہ گندم کی خریداری کے بعد ادائیگی 72 گھنٹوں کے اندر کسانوں کے بینک اکاﺅنٹس میں منتقل کر دی جائے گی، جس سے کسانوں کو بروقت مالی سہولت میسر آئے گی۔ضلع سرگودھا میں پرائیویٹ سیکٹر کے تحت گندم خریداری کے لیے دو بڑے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ آسیاں والا سینٹر پر 50 ہزار میٹرک ٹن جبکہ سرگودھا شہر کے مرکز پر 15 ہزار میٹرک ٹن گندم خریدی جائے گی۔ یوں مجموعی طور پر تقریباً 65 ہزار میٹرک ٹن یعنی ساڑھے چھ لاکھ بوری گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ محکمہ خوراک ماضی میں بھی ہر سال ضلع سرگودھا سے تقریباً ساڑھے چھ لاکھ بوری گندم خریدتا رہا ہے اور اس سال بھی اسی ہدف کو برقرار رکھتے ہوئے جدید اور شفاف نظام کے ذریعے خریداری یقینی بنائی جا رہی ہے۔ اس جدید نظام سے نہ صرف کسانوں کو سہولت ملے گی بلکہ گندم خریداری کے عمل میں شفافیت، رفتار اور اعتماد میں بھی نمایاں اضافہ ہوگا۔