علی بابا کا پاکستان کے فن ٹیک شعبے میں داخلہ، ایس ای سی پی نے ذیلی کمپنی کو لائسنس جاری کر دیا

علی بابا کا پاکستان کے فن ٹیک شعبے میں داخلہ، ایس ای سی پی نے ذیلی کمپنی کو لائسنس جاری کر دیا

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کوکو ٹیک پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو پاکستان میں نان بینکنگ فنانس کمپنی کا لائسنس جاری کر دیا ہے۔ کوکو ٹیک پاکستان بین الاقوامی شہرت یافتہ کمپنی علی بابا کی ذیلی کمپنی ہے اور پاکستانی صارفین کو قسطوں پر اشیاء کی خریداری کے لیے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات فراہم کرے گی۔علی بابا دنیا کی صف اول کی ای کامرس اور ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شامل ہے۔ اس کمپنی کی پاکستان میں سرمایہ کاری ملک کے ڈیجیٹل مالیاتی نظام کے فروغ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔علی بابا کی سرمایہ کاری پاکستان کی بڑی صارف مارکیٹ، تیزی سے بڑھتی ڈیجیٹل معیشت اور مالیاتی خدمات کے شعبے میں موجود مواقع پر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے۔

کوکو ٹیک پاکستان علی بابا کے تجربے، جدید مصنوعی ذہانت پر مبنی کریڈٹ اسیسمنٹ نظام اور عالمی سطح پر آزمودہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے ذریعے صارفین کو تیز رفتار اور قابل اعتماد مالیاتی خدمات فراہم کرے گی۔ اس سے خاص طور پر نوجوانوں، فری لانسرز اور چھوٹے کاروباروں کے لیے مالی سہولیات تک رسائی بہتر ہوگی جو روایتی بینکاری نظام سے مکمل طور پر مستفید نہیں ہو پاتے۔ علی بابا کی بین الاقوامی شہرت، تجربے اور مالی وسائل کی بدولت کوکو ٹیک پاکستان چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو معاونت فراہم کرے گی اور ملک میں جدید ای کامرس کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کا کہنا ہے کہ علی بابا گروپ جیسے بڑے ای کامرس ادارے کی شمولیت سے پاکستانی مارکیٹ میں کمپٹیشن اور جدت کو فروغ ملے گا۔ڈاکٹر سدھو نے کہا کہ پاکستان اپنی بڑی آبادی، بڑھتی ہوئی ڈیجیٹلائزیشن اور بہتر ریگولیٹری فریم ورک کی بدولت بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش منزل ہے۔

مزید خبریں