عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے فوڈ سیکٹر کو جدید اور بین الاقوامی معیار اپنانا ہوں گے، شاہد عمران

عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے فوڈ سیکٹر کو جدید اور بین الاقوامی معیار اپنانا ہوں گے، شاہد عمران

لاہور۔19اپریل (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے فوڈ کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ فوڈ سیکٹر کے لیے ضروری ہے کہ عالمی منڈیوں میں موثر مقام حاصل کرنے کے لیے جدید پیداواری طریقہ کار، سرٹیفکیشن میں سرمایہ کاری اور اس شعبے کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کیا جائے۔اتوار کو شیخوپورہ سے چوہدری محمد افضل گجر کی قیادت میں آنے والے فوڈ ایکسپورٹرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگی نہ صرف پاکستانی مصنوعات کی قدر میں اضافہ کرے گی بلکہ ملک کو عالمی فوڈ سپلائی چین میں ایک مضبوط اور قابلِ اعتماد شراکت دار کے طور پر سامنے لائے گی۔

شاہد عمران نے متعلقہ سرکاری اور نجی اداروں پر زور دیا کہ وہ فوڈ انڈسٹری کے لیے تربیتی اور آگاہی پروگرامز کا انعقاد کریں تاکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار بھی بین الاقوامی معیار پر پورا اتر سکیں۔ان کا کہنا تھا کہ معیار پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے پالیسی سپورٹ اور تکنیکی رہنمائی انتہائی ضروری ہے،جس کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ معیار محض تکنیکی اصولوں کا مجموعہ نہیں بلکہ جدت،تحقیق اور مسابقت کی بنیاد ہے۔واضح اور مستحکم معیار ایک ایسا فریم ورک فراہم کرتے ہیں جس کے تحت نئی مصنوعات کی تیاری، بہتری اور عالمی تقاضوں سے ہم آہنگی ممکن ہوتی ہے۔

عالمی سطح پر تسلیم شدہ معیار پر عملدرآمد پاکستانی فوڈ مصنوعات کے لیے اعتماد، تسلسل، تحفظ اور مارکیٹ تک رسائی کو یقینی بناتا ہے۔شاہد عمران نے کہا کہ اگر مقامی صنعتیں بین الاقوامی معیار پر عملدرآمد میں ناکام رہیں تو انہیں عالمی تجارت میں تنہائی اور مواقع کے ضیاع کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں اور پالیسی اقدامات کے ذریعے پاکستان کے فوڈ سیکٹر کو عالمی سطح پر مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں