غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع کی بیرون ملک منتقلی میں نو ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر3.4فیصد اضافہ ہوا،سٹیٹ بینک

پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کے نتیجے میں حاصل ہونے والے منافع کی بیرون ممالک منتقلی میں جاری مالی سال کے پہلے نو ماہ میں سالانہ بنیاد پر3.4فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کے نتیجے میں حاصل ہونے والے منافع کی بیرون ممالک منتقلی میں جاری مالی سال کے پہلے نو ماہ میں سالانہ بنیاد پر3.4فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ سٹیٹ بینک کے مطابق ملک میں غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع کی مد میں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں 1.778ارب ڈالر کی بیرون ممالک منتقلی ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 3.4فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں غیرملکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں نے منافع کی مد میں 1.720ارب ڈالر منتقل کئے تھے۔

مارچ 2026میں 102ملین ڈالر کی بیرون ممالک منتقلی ریکارڈ کی گئی جو فروری میں 49ملین ڈالر اور گزشتہ سال مارچ میں 158ملین ڈالر تھی۔ اعدادوشمارکے مطابق برطانوی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں نے مالی سال کے پہلے نو ماہ میں منافع کی مد میں 476ملین ڈالر،چین 439ملین ڈالر، نیدر لینڈ158ملین ڈالر، امریکا161ملین ڈالر، یو اے ای128ملین ڈالر اور دیگر ممالک کے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں نے منافع کی مد میں 416 ملین ڈالر منتقل کئے۔

مالیاتی بزنس کے شعبے میں سرمایہ کاروں اور کمپنیوں نے مالی سال کے پہلے نو ماہ میں 354ملین ڈالر، تیل و گیس 50ملین ڈالر ، سیمنٹ 49ملین ڈالر، ٹیکسٹائل 15ملین ڈالر، بجلی 428ملین ڈالر اور دیگر شعبہ جات میں سرمایہ کاری کرنے والے سرمایہ کاروں اور کمپنیوں نے منافع کی مد میں 883ملین ڈالر منتقل کئے۔