چین کو پاکستانی برآمدات میں پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیاد پر 44.79 فیصد اضافہ ہوا، رپورٹ

چین کو پاکستان کی برآمدات میں 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیاد پر 44.79 فیصد اضافہ ہوا ۔ چینی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (جی اے سی سی )کے مطابق ماہانہ بنیاد پر مسلسل نمو کے ساتھ چین کے مختلف صوبوں میں پاکستان کی برآمدات کے حوالے سے طلب میں وسعت آئی ہے۔

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):چین کو پاکستان کی برآمدات میں 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران سالانہ بنیاد پر 44.79 فیصد اضافہ ہوا ۔ چینی جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز (جی اے سی سی )کے مطابق ماہانہ بنیاد پر مسلسل نمو کے ساتھ چین کے مختلف صوبوں میں پاکستان کی برآمدات کے حوالے سے طلب میں وسعت آئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق جنوری سے مارچ 2026تک پاکستان کی چین کو برآمدات 927 ملین ڈالر سے تجاوز کر گئیں، گزشتہ سال کی اسی مدت میں ان کاحجم 640.22 ملین ڈالر ریکارڈکیاگیاتھا۔ جنوری میں پاکستانی برآمدات کے لیے زی جیانگ سرفہرست رہا جہاں 86.7 ملین ڈالر کی مصنوعات بھیجی گئیں، اس کے بعد بیجنگ 45.3 ملین ڈالر اور فیوجیان 27.4 ملین ڈالر کے ساتھ نمایاں رہے۔

دیگر اہم مقامات میں گوانگ ڈونگ کو 16.4 ملین ڈالر ، ہیبے 13.2 ملین ڈالر اور شان ڈونگ کو 13.1 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئیں۔ فروری میں زی جیانگ کو برآمدات بڑھ کر 100.6 ملین ڈالر ہو گئیں، بیجنگ کو 64.6 ملین ڈالر ، گوانگ ڈونگ کو 40.0 ملین ڈالر ، فیوجیان کو 35.7 ملین ڈالر ،گوانگ شی 13.7 ملین ڈالر اور شین ڈونگ کو 12.1 ملین ڈالر کی برآمدات ریکاردکی گئی۔مارچ میں بھی یہ رجحان برقرار رہا، زی جیانگ کوپاکستان کی برآمدات بڑھ کر 109.2 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں اور یہ صوبہ پاکستان کی برآمدات کے حوالے سے بدستور سر فہرست رہا۔

فیوجیان اور گوانگ ڈونگ بالترتیب 52.5 ملین اور 51.6 ملین ڈالر کے ساتھ بڑے مراکز کے طور پر ابھرے، بیجنگ کو برآمدات 35.4 ملین ڈالر رہیں، شنگھائی، شین ڈونگ اور انہوئی کو بھی برآمدات میں اضافہ ہوا جو بالترتیب 20.7 ملین، 20.2 ملین اور 20.1 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ چائنا اکنامک نیٹ نے بتایا کہ ساحلی اور معاشی طور پر ترقی یافتہ علاقے بدستور پاکستانی مصنوعات کے بڑے خریدار رہے جن میں مشرقی صوبے جیسے گوانگ ڈونگ، فوجیان، جیانگسو اور شین ڈونگ نمایاں ہیں۔

اس کے علاوہ وسطی صوبوں مثلاً ہینان، ہونان اور سیچوان میں بھی برآمدات کا تسلسل دیکھا گیا جو چین کے اندر طلب کے پھیلائو کی نشاندہی کررہاہے۔ چین کو پاکستان کی اہم برآمدات میں تانبا اور اس سے متعلق مصنوعات، کپاس کا دھاگہ و کپڑا، سمندری خوراک، چاول، تل کے بیج، زنک و کرومیم کی دھاتیں اور لوہا شامل ہیں۔