خوردنی تیل کی درآمد میں9 ماہ کے دوران اضافہ ہوا، سٹیٹ بینک

خوردنی تیل کی درآمد میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ہوا، پہلے 9ماہ میں پام آئل کی درآمد میں اضافہ جبکہ سویابین آئل کی درآمد میں کمی ریکارڈکی گئی۔

اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):خوردنی تیل کی درآمد میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ہوا، پہلے 9ماہ میں پام آئل کی درآمد میں اضافہ جبکہ سویابین آئل کی درآمد میں کمی ریکارڈکی گئی۔سٹیٹ بینک اورپی بی ایس کے مطابق مالی سال کے پہلے 9ماہ میں خوردنی تیل کی درآمد پر2.937ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خوردنی تیل کی درآمد پر2.817ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواتھا۔مارچ میں خورنی تیل کادرآمدی بل 309.52ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو فروری میں 342.93ملین ڈالراورگزشتہ سال مارچ میں 381.69ملین ڈالرتھا۔ مالی سال کے پہلے 9ماہ میں پام آئل کی درآمد پر 2.864ارب ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 2.550ارب ڈالرکے مقابلے میں 12.31فیصدزیادہ ہے۔

مارچ میں پام آئل کادرآمدی بل 309.95ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوفروری میں 332.80ملین ڈالراورگزشتہ سال مارچ میں 340.18ملین ڈالرتھا۔مالی سال 2025میں پام آئل کی درآمدات پر3.370ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہواتھا۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 9ماہ میں سویا بین آئل کی درآمد پر72.196ملین ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 266.26ملین ڈالرکے مقابلے میں کم ہے۔مارچ میں سویابین آئل کی درآمد کاحجم صفر رہا جوفروری میں 10.13ملین ڈالراورگزشتہ سال مارچ میں 41.51ملین ڈالرتھا۔مالی سال 2025میں سویابین آئل کی درآمدات پر372.02ملین ڈالرزرمبادلہ خرچ ہواتھا۔