راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں جیمز اینڈ جیولری سے متعلق سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس

راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے زیر اہتمام جیمز اینڈ جیولری سے متعلق سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس چیمبر بلڈنگ میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت نے کی جبکہ سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین غلام مصطفیٰ بھی ان کے ہمراہ تھے

راولپنڈی۔ 23 اپریل (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے زیر اہتمام جیمز اینڈ جیولری سے متعلق سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس چیمبر بلڈنگ میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت نے کی جبکہ سٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین غلام مصطفیٰ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ گروپ لیڈر سہیل الطاف نے خصوصی شرکت کی جبکہ نائب صدر فہد برلاس اور وائس چیئرمین ضیاء اللہ شاہ بھی اجلاس میں موجود تھے۔اجلاس میں جیمز اینڈ جیولری سیکٹر کو درپیش مسائل، اس کی برآمدی صلاحیت اور ترقی کے مواقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

شرکاء نے ایف بی آر اور دیگر ٹیکس اداروں کی جانب سے اختیارات کے بے جا استعمال بالخصوص رجسٹریشن، ڈیجیٹل انوائسنگ اور دیگر تقاضوں کے نام پر کاروباری برادری کو ہراساں کرنے پر تشویش کا اظہار کیا۔صدر آر سی سی آئی عثمان شوکت نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ان مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گا اور متعلقہ حکام کے سامنے یہ معاملات بھرپور انداز میں اٹھائے گا تاکہ کاروبار میں آسانی پیدا کی جا سکے۔گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کمیٹی کے چیئرمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اجلاس میں ممبران کی بھرپور شرکت اور مفید آراء کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ برآمدات کے فروغ اور قواعد و ضوابط کو آسان بنانے کے لیے عملی سفارشات مرتب کی جائیں گی۔