بجٹ تجاویز فرنیچر انڈسٹری کو متحرک کرنے کی حکمت عملی کو مد نظر رکھ کر تیار کی گئی ہیں، میاں کاشف اشفاق

پاکستان فرنیچر کونسل نے جامع قابل عمل بجٹ تجاویز کا ایک سیٹ وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا ہے۔بجٹ تجاویز فرنیچر کی صنعت کو متحرک کرنے اور ترقی پر مبنی اقدامات کے ذریعے اس سیکٹر کے فروغ کی حکمت عملی کو مد نظر رکھ کر تیار کی گئی ہیں

لاہور۔26اپریل (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل نے جامع قابل عمل بجٹ تجاویز کا ایک سیٹ وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا ہے۔بجٹ تجاویز فرنیچر کی صنعت کو متحرک کرنے اور ترقی پر مبنی اقدامات کے ذریعے اس سیکٹر کے فروغ کی حکمت عملی کو مد نظر رکھ کر تیار کی گئی ہیں۔اتوار کو چین سے زوم میٹنگ کے ذریعہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ بجٹ تجاویز فرنیچر کی برآمدات کو فروغ دینے کیلئے ہمارے عزم کی عکاس ہیں اور ان کا مقصد معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے سازگار حالات پیدا کرنا ہے۔پی ایف سی اہدافی اقدامات اور پالیسیوں کے ذریعے ایک ایسے فروغ پذیر فرنیچر سیکٹر کا تصور پیش کرتی ہے جو بین الاقوامی معیارات پر پورا اترنے اور مارکیٹ کی متنوع ڈیمانڈ کو پورا کرنے کے قابل ہو۔

فرنیچر سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ایف سی کا مقصد ملکی معیشت میں فرنیچر کے شعبے کو ایک اہم شراکت دار کے طور پر پوزیشن دینا ہے تاکہ عالمی سطح پر اس کی ترقی اور مسابقت کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ صنعت کا درجہ ملنے سے نہ صرف اس شعبے کی کارکردگی اور صلاحیت میں اضافہ ہو گا بلکہ اسے ضروری فنڈز،وسائل اور مراعات تک رسائی بھی مل سکے گی جس سے فرنیچر مینوفیکچرنگ میں توسیع اور اختراعات ممکن ہو سکیں گی۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں کے ساتھ پی ایف سی کی فعالیت اس امر کی عکاس ہے کہ وہ فرنیچر انڈسٹری کے مفادات کے تحفظ کیلئے پر عزم ہے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول اور سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان تعاون کو بڑھانے کیلئے سرگرم عمل رہے گی۔