صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ نے ان کے آفس میں پیر کوملاقات کی
وزیر صنعت پنجاب چوہدری شافع حسین سے سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل کی ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر تبادلہ خیال
لاہور۔27اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے سری لنکا کے اعزازی قونصل جنرل یاسین جوئیہ نے ان کے آفس میں پیر کوملاقات کی جس میں پنجاب اور سری لنکا کے مابین تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے پر بات چیت ہوئی ۔ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں دوطرفہ اشتراک کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ملاقات میں باہمی اشتراک اور معاشی تعاون کے فروغ کیلئے مل کر آگے بڑھنے پر اتفاق ہوا۔ صوبائی وزیر نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کے مواقع سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت ہے دونوں ممالک کے تجارتی حجم میں اضافے کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب اور سری لنکا کے مابین سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون بڑھانے کیلئے پر عزم ہیں، دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کیلئے مل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ، پنجاب اور سری لنکا کے مابین زراعت،تعلم،صحت،سائنس وٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ سری لنکا چائے کی کاشت میں مہارت اور شہرت رکھتا ہے ، پاکستان بالخصوص پنجاب کے بعض علاقوں میں چائے کی فصل کی کاشت کا جائزہ لیا جاسکتا ہے، سری لنکا پنجاب کے بعض علاقوں میں چائے کی کاشت میں معاونت فراہم کرسکتا ہے۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چائے کی فصل کی کاشت میں سری لنکا کی ٹیکنالوجی سے استفادہ کریں گے۔









