اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے منگل کے روز گوانگزو انٹرنیشنل کوآپریشن سینٹر (جی آئی سی سی) کا دورہ کیا جس کے ذریعے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور بزنس ٹو بزنس روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر اور چیئرمین فارن ڈیلیگیشن کمیٹی عمران …
آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود کا جی آئی سی سی کا دورہ، نمایاں چینی کاروباری رہنمائوں سے ملاقاتیں
اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار طاہر محمود نے منگل کے روز گوانگزو انٹرنیشنل کوآپریشن سینٹر (جی آئی سی سی) کا دورہ کیا جس کے ذریعے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور بزنس ٹو بزنس روابط کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر آئی سی سی آئی کے ایگزیکٹو ممبر اور چیئرمین فارن ڈیلیگیشن کمیٹی عمران منہاس جنہوں نے اس دورے کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا، بھی صدر کے ہمراہ تھے۔یاد رہے کہ جی آئی سی سی ایک غیر منافع بخش پلیٹ فارم ہے جو عالمی منڈیوں کو جوڑنے اور باہمی فائدے پر مبنی تعاون کو فروغ دینے کے لیے قائم کیا گیا ہے اور یہ بین الاقوامی کاروباری تعاون کا ایک متحرک مرکز بن چکا ہے۔ 27 سے زائد کمپنیوں کی شمولیت کے ساتھ یہ مرکز پاکستان، چین اور دیگر ممالک کے درمیان بی ٹو بی روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور کاروباری شراکت داری، وسائل اور مارکیٹ تک رسائی کے لیے ایک جامع ون ونڈو سہولت فراہم کرتا ہے۔دورے کے دوران سردار طاہر محمود نے جی آئی سی سی کے منتظمین اور نمایاں چینی کاروباری رہنمائوں سے مفید ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ روابط کے فروغ، جوائنٹ وینچر کے مواقع تلاش کرنے اور میڈیکل، کنسٹرکشن اور تجارتی خدمات سمیت اہم شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آئی سی سی آئی نے عالمی منڈیوں کو قریب لانے میں سینٹر کے فعال کردار کو سراہا اور کہا کہ ایسے پلیٹ فارمز عالمی کاروباری برادری کی بدلتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں انتہائی اہم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چاہے کاروباری اداروں کو کسی مخصوص شعبے تک رسائی درکار ہو، لاجسٹک سپورٹ یا نیٹ ورکنگ کے مواقع یہ سینٹر موثر راہنمائی فراہم کرتا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ آئی سی سی آئی پہلے ہی جی آئی سی سی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر چکا ہے جس سے باقاعدہ تعاون کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ اس شراکت داری کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے آئی سی سی آئی اب سینٹر میں ایک خصوصی کائونٹر قائم کرنے جا رہا ہے تاکہ پاکستانی کاروباری افراد خصوصاً آئی سی سی آئی ممبران کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس اقدام سے ملک بھر کے کاروباری افراد کو چینی ہم منصبوں سے براہ راست رابطہ اور نئے تجارتی و سرمایہ کاری مواقع تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔آئی سی سی آئی کے وفد کو سینٹر کی سرگرمیوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جن میں مینگو فیسٹیول جیسے کامیاب ایونٹس کا انعقاد شامل ہے جس نے پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔سردار طاہر محمود نے اس بات پر زور دیا کہ سینٹر میں آئی سی سی آئی کے سہولت کاری کائونٹر کا قیام پاکستانی کاروباروں کے لیے عالمی منڈیوں تک رسائی، سپلائی چینز کو مضبوط بنانے اور برآمدات میں اضافے کے لیے ایک سٹریٹجک گیٹ وے ثابت ہوگا۔









