سرمایہ کاری میں سہولت کیلئے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور ڈونگ جِن پاور ٹیک لمیٹڈ کے درمیان معاہدے پر دستخط
سرمایہ کاری میں سہولت کیلئے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور ڈونگ جِن پاور ٹیک لمیٹڈ کے درمیان معاہدے پر دستخط
لاہور۔29اپریل (اے پی پی):چین کی اہم کمپنی ڈونگ جِن پاورٹیک پنجاب میں 15 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے ہائی کپیسٹی خشک بیٹری بنانے کا پلانٹ لگائے گی جبکہ اس سرمایہ کاری کے سفر کو آسان بنانے کیلئے پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری وتجارت ہر طرح کی سہولت کاری فراہم کرے گا۔ اس سلسلے میں پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت اور چینی کمپنی ڈونگ جِن پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر کئے گئے۔
پی بی آئی ٹی میں ہونیوالی ایک اہم ملاقات کے بعد سی ای و ذیشان شبیر رانا اور چینی کمپنی کے سی ای او مسٹر ہو جی نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے۔ معاہدے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سی ای او پنجاب بورڈ برائے سرمایہ کاری و تجارت ذیشان شبیر رانا نے کہا کہ یہ سرمایہ کاری پنجاب کے صنعتی منظر نامے میں نیا باب رقم کرے گی جبکہ صوبے میں معاشی ترقی کی رفتار کو نئی توانائی بخشے گی۔
اس معاہدے کی رو سے چینی کمپنی پنجاب کے خصوصی اقتصادی زون میں پندرہ ملین ڈالر کی خطیر رقم سے خشک بیٹریاں بنانے کا پلانٹ لگائے گی۔ چینی سرمایہ کار کا کہنا تھا کہ اس سرمایہ کاری سے پاکستان کی توانائی کی ضروریات پوری کی جا سکیں گی جبکہ مقامی صنعت کو تقویت ملنے کے ساتھ ساتھ درآمدات پر انحصار کم ہوگا اور روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہونگے۔
جبکہ پی بی آئی ٹی بہترین سہولت کاری کے ذریعے اس امر کو یقینی بنائے گا کہ سنگ بنیاد رکھنے سے باضابطہ افتتاح تک سرمایہ کاری کا یہ سفر انتہائی خوشگوار رہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ یہ سرمایہ کاری صرف ایک صنعتی منصوبہ نہیں بلکہ اس بات کی دلیل ہے کہ پنجاب سرمایہ کاروں کیلئے بہترین منزل کا استعارہ ہے۔









