وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے یو این ایف پی اے کے کنٹری نمائندہ کی ملاقات

وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سےاقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے آبادی (یو این ایف پی اے ) کے کنٹری نمائندے ڈاکٹر لوائے شبانے نے ملاقات کی۔

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سےاقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے آبادی (یو این ایف پی اے ) کے کنٹری نمائندے ڈاکٹر لوائے شبانے نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزارت انسانی حقوق کے سیکرٹری عبدالخالق شیخ بھی موجود تھے۔ جمعرات کو وزارتِ انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں انسانی حقوق کے فروغ، صنفی مساوات کے قیام اور پاکستان میں خواتین و دیگر کمزور طبقات کے تحفظ کے لئے جاری تعاون اور آئندہ ترجیحات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے وزارتِ انسانی حقوق اور یو این ایف پی اے کے درمیان دیرینہ اور مؤثر شراکت داری کو سراہا۔ اس تعاون کے تحت پاکستان کی آئینی ذمہ داریوں اور بین الاقوامی عہد و پیمان کے مطابق اہم اقدامات کی حمایت کی گئی ہے۔ڈاکٹر لوائے شبانے نے جاری مشترکہ اقدامات پر روشنی ڈالی جن میں کم عمری کی شادی کے خاتمے کے لئے قانونی فریم ورک کو مضبوط بنانا اور کمیونٹی سطح پر آگاہی پروگرام شامل ہیں۔ خواتین کے خلاف صنفی بنیاد پر تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق شکایات کے لئے مربوط ہیلپ لائن کی پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس میں متاثرین کے لئے مؤثر رہنمائی اور ریفرل نظام کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔دونوں فریقین نے صنفی بنیاد پر تشدد (GBV) کے تدارک کے لئے جامع اقدامات کا جائزہ لیا جن میں روک تھام، تحفظ اور مؤثر ردِعمل کی حکمتِ عملیاں شامل ہیں۔ پالیسی سازی، سروس فراہم کرنے والے اداروں کی استعداد کار میں اضافے اور آگاہی مہمات کے حوالے سے یو این ایف پی اے کی معاونت کو سراہا گیا۔ صنفی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کے لئے مردوں اور لڑکوں کی شمولیت سے متعلق حالیہ قومی حکمتِ عملی پر بھی گفتگو ہوئی جس کا مقصد انہیں مثبت تبدیلی کے مؤثر کردار کے طور پر متحرک کرنا ہے۔ملاقات میں اینٹی ریپ کرائسس سیلز کے نفاذ اور افادیت پر بھی غور کیا گیا جس میں ادارہ جاتی ردِعمل کو مزید مؤثر بنانے، متعلقہ فریقین کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے، اور متاثرین کو بروقت انصاف کے ساتھ ساتھ نفسیاتی و سماجی معاونت اور بحالی کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔فریقین نے مشترکہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان میں صنفی مساوات کے فروغ، تحفظ کے نظام کو مضبوط بنانے اور حقوق پر مبنی ترقی کے فروغ کے لئے باہمی تعاون کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

مزید خبریں