پی آئی اے کی مکمل نجکاری کی جانب اہم پیشرفت، نجکاری کمیشن کو باقی ماندہ 25 فیصد حصص کے حصول کا نوٹس موصول

عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ (اےایچ سی ایل ) کی سربراہی میں قائم کنسورشیم نے نجکاری کمیشن کو پی آئی اے سی ایل کے باقی ماندہ 25 فیصد حصص خریدنے کے ارادے کا باضابطہ نوٹس جمع کرا دیا ہے

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ (اےایچ سی ایل ) کی سربراہی میں قائم کنسورشیم نے نجکاری کمیشن کو پی آئی اے سی ایل کے باقی ماندہ 25 فیصد حصص خریدنے کے ارادے کا باضابطہ نوٹس جمع کرا دیا ہے جس کے بعد قومی فضائی کمپنی کی مکمل نجی شعبے کو منتقلی کی راہ مزید ہموار ہوگئی ہے۔نجکاری کمیشن کے مطابق انتظامی کنٹرول کی منتقلی 25 مئی 2026ء یا اس سے قبل متوقع ہے تاہم یہ عمل 29 جنوری 2026ء کو طے پانے والے شیئر پرچیز اینڈ سبسکرپشن ایگریمنٹ (SPSA) میں درج شرائط کی تکمیل سے مشروط ہوگا۔نجکاری کمیشن کو موصول ہونے والے نوٹس کے ساتھ مطلوبہ سٹینڈ بائی لیٹر آف کریڈٹ بھی فراہم کر دیا گیا ہے جبکہ باقی حصص کے حصول کا عمل SPSA کی شرائط کے مطابق مکمل کیا جائے گا۔اس معاہدے کے تحت نجی شعبے کی مجموعی سرمایہ کاری تقریباً 180 ارب روپے متوقع ہے جن میں حکومتِ پاکستان کو کم از کم 55 ارب روپے بطور نجکاری آمدن ادا کئے جائیں گےجبکہ 125 ارب روپے پی آئی اے میں نئی سرمایہ کاری کی صورت میں شامل کئے جائیں گے تاکہ ایئرلائن کی مالی بحالی اور ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔یہ سرمایہ کاری پی آئی اے کے فضائی بیڑے کی توسیع و جدیدیت، نئے بین الاقوامی و مقامی روٹس کے آغاز، صارفین کی سہولیات میں بہتری اور آپریشنل نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔کنسورشیم میں عارف حبیب کارپوریشن لمیٹڈ (اے ایچ سی ایل )، فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ، لیک سٹی ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، دی سٹی سکول (پرائیویٹ) لمیٹڈ، اے کے ڈی گروپ ہولڈنگز (پرائیویٹ) لمیٹڈ، اور فوجی فرٹیلائزر کمپنی (ایف ایف سی) لمیٹڈ شامل ہیں۔نجکاری کمیشن، حکومتِ پاکستان، کنسورشیم اور پی آئی اے انتظامیہ فرسٹ کلوزنگ سے قبل تمام ضروری شرائط کی تکمیل کیلئے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔

مزید خبریں