پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان سیپا پر پیشرفت، تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق

پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان سیپا پر پیشرفت، تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد۔1مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے جنوبی کوریا کے وزیرِ تجارت ییو ہان-کو نے جمعہ کو ورچوئل ملاقات کی،ملاقات میں دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ، جامع اقتصادی شراکت داری معاہدہ (سیپا) پر مذاکرات کو آگے بڑھانے اور سرمایہ کاری کے تعاون کو مضبوط بنانے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے آغاز میں کورین وزیرِ تجارت نے مشرقِ وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امن کے قیام کی کوششیں صرف متعلقہ ممالک ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے بہتر ہیں۔ انہوں نے پاکستان، خصوصاً لاہور کے اپنے سابقہ دوروں کو یادگار قرار دیتے ہوئے ملک کی مہمان نوازی اور معاشی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔

وزیرِ تجارت جام کمال خان نے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر مکالمے کے فروغ اور امن کے قیام کے لیے کردار ادا کرتا رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری کوششیں خطے میں استحکام لائیں گی، جو عالمی تجارت، توانائی منڈیوں اور اقتصادی روابط کے لیے نہایت اہم ہے۔دونوں وزراء نے سیپا مذاکرات پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر اتفاق کیا کہ تکنیکی سطح پر مشاورت کو تیز کیا جائے تاکہ باہمی طور پر طے شدہ مدت میں معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاہدہ متوازن، جامع اور دونوں ممالک کی معاشی ضروریات کے مطابق ہونا چاہیے۔وزیرِ تجارت جام کمال خان نے پاکستان کی معاشی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہوئے زراعت، معدنیات، ٹیکسٹائل، ادویات سازی، جراحی آلات اور اسپورٹس گڈز سمیت مختلف شعبوں میں مواقع کی نشاندہی کی۔ انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے عالمی حالات کے پیش نظر تجارتی شراکت داری میں تنوع اور مضبوط اقتصادی روابط کا قیام ناگزیر ہے،پاکستان اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث وسطی ایشیا اور افریقہ کے لیے ایک گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے۔کورین وزیرِ تجارت نے کہا کہ متعدد کورین کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں اور اسے ایک محفوظ اور پُرامید منزل سمجھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیپا جیسے فریم ورک سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا اور اقتصادی تعاون کو فروغ ملے گا۔سرمایہ کاری سے متعلق امور پر وزیرِ تجارت جام کمال خان نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں کام کرنے والی کورین کمپنیوں کو درپیش مسائل متعلقہ وزارتوں کے ساتھ مل کر حل کیے جائیں گے۔

انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار اور مستحکم کاروباری ماحول فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔فریقین نے مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام پر بھی تبادلۂ خیال کیا اور اس کے فعال بنانے پر اتفاق کیا تاکہ دوطرفہ تجارتی امور پر مؤثر پیشرفت اور باقاعدہ رابطہ یقینی بنایا جا سکے۔