گندم کی خریداری کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور تیزی کو یقینی بنانا محکمہ فوڈ کی اولین ذُمہ داری ہے،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سرگودھا
گندم کی خریداری کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور تیزی کو یقینی بنانا محکمہ فوڈ کی اولین ذُمہ داری ہے،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سرگودھا

مزید خبریں
سرگودھا۔ 02 مئی (اے پی پی):ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ سرگودھا مظہر حسین بلوچ کی زیر صدارت گندم کی خریداری کے حوالے سے جائزہ اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں گندم کی خریداری مہم کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ مظہر حسین بلوچ نے گندم خریداری کے اہداف، اب تک کی پیشرفت اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے محکمہ فوڈ کے افسران کو ہدایت کی کہ مقررہ ٹارگٹس کے حصول کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسانوں کو اُن کی گندم کی بروقت اور شفاف خریداری کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ محکمہ فوڈ کی جانب سے قائم کردہ گندم خریداری مراکز پر کاشتکاروں کے لیے تمام تر انتظامات کو بہتر بنایا جائے، باردانہ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے اور کسانوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نے کہاکہ گندم خرید مراکز میں بیٹھنے کی سہولت، تازہ پانی کی فراہمی اور سیکورٹی انتظامات فراہم کیے جائیں تاکہ کاشکاروں اور کسانوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نا کرنا پڑے۔
اجلاس میں ضلع سرگودھاکی تمام تحصیلوں سرگودھا ، شاہ پور ، ساہیوال ، بھلوال ، بھیرہ ، کوٹمومن اور سلانوالی کے اسسٹنٹ کمشنرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز فوڈ ، انسپکٹرز فوڈ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اُنہوں نے اجلاس کو اپنی اپنی تحصیلوں کی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ مظہر حسین بلوچ نے واضح کیا کہ گندم کی خریداری کے عمل میں شفافیت، میرٹ اور تیزی کو یقینی بنانا محکمہ فوڈ کی اولین ذُمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔








