پنجاب میں رواں سیزن کیلئے 32 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، افتخار علی سہو
پنجاب میں رواں سیزن کیلئے 32 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، افتخار علی سہو

مزید خبریں
لاہور۔2مئی (اے پی پی):سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو کی زیر صدارت ملتان میں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر میں کپاس کی کاشت کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں وائس چانسلرمحمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر آصف علی، سپیشل سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب سرفراز حسین مگسی، ایڈیشنل سیکرٹری ٹاسک فورس پنجاب شبیر احمد خان، ڈائریکٹر جنرلز محکمہ زراعت پنجاب عبدالحمید، نوید عصمت کاہلوں، ڈاکٹر ساجدالرحمن، ڈاکٹر عامر رسول اور ڈویژنل ڈائریکٹرز زراعت (توسیع) بہاولپور، ملتان،ڈی جی خان، ساہیوال وفیصل آباد نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹرز زراعت (توسیع) نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔اجلاس میں صدر کسان اتحادخالد محمود کھوکھر اورکاٹن ایکسپرٹ ڈاکٹر محمد اقبال بندیشہ نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر سیکرٹری زراعت نے کہا کہ پنجاب میں رواں سیزن کے لیے 32 لاکھ ایکڑ رقبہ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر اور اب تک 30 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔ افتخار علی سہو نے فیلڈ فارمیشنز اور کپاس کے ماہرین کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کو کپاس کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی سے بھرپور آگاہی فراہم کی جائے تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ کپاس کے کاشتکار علاقوں میں نہری پانی کی وافر اور بروقت فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے تاکہ فصل کی بہتر نشوونما ممکن ہو۔انہوں نے کھادوں اور زرعی ادویات میں ملاوٹ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس کے بعد سیکرٹری زراعت نے میجر جنرل (ر) شاہد نذیر کے ہمراہ ملتان میں قائم ماڈل ایگری مال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ ماڈل ایگری مالز پر کاشتکاروں کے لیے مزید پرکشش پیکجز متعارف کرائے جائیں تاکہ انہیں معیاری زرعی مداخل تک آسان رسائی حاصل ہو۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبہ کے مختلف اضلاع میں مزید 10 ماڈل ایگری مالز زیر تعمیر ہیں جو جلد مکمل کر لیے جائیں گے۔








