بروقت برداشت کے بعد پیاز کو کم از کم 6ماہ زائد عرصہ تک ذخیرہ رکھا جا سکتا ہے،اسسٹنٹ ڈائریكٹرمحکمہ زراعت
بروقت برداشت کے بعد پیاز کو کم از کم 6ماہ زائد عرصہ تک ذخیرہ رکھا جا سکتا ہے،اسسٹنٹ ڈائریكٹرمحکمہ زراعت

مزید خبریں
سیالكوٹ۔ 04 مئی (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریكٹرمحکمہ زراعت سمبڑیال ڈاكٹر افتخار حسین بھٹی نے کاشتکاروں کو آگاہ کیا ہے کہ اگرپیاز کو مناسب وقت پر برداشت کر لیاجائے تو اسے کم از کم 6ماہ بلکہ اس سے بھی زائد عرصہ تک ذخیرہ رکھا جا سکتا ہے جبکہ برداشت اور سٹوریج کیلئے محکمہ زراعت کی مشاورت بہتر نتائج فراہم کر سکتی ہے۔
انہوں نے كہا كہ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ فصل کی برداشت میں احتیاط سے کام لیں اور جب پودوں کے تنے 15سے 20فیصد تک خشک ہو کر ٹوٹنا شروع ہوجائیں تو پھر پیاز کی برداشت میں تاخیر سے اجتناب كریں، پیاز کی برداشت جتنی تاخیر سے ہو گی اتنا فصل کے گلنے سڑنے کے خدشات میں اضافہ ہوتا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موٹے تنے والے پیاز کے ایسے گٹھے جو مکمل طور پر پک کر تیا ر نہ ہوئے ہو ں ان کو ذخیرہ نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر پیاز کی فصل کو دیر سے برداشت کیا جائے تو اس میں عمل تنفس بڑھنے اور درجہ حرارت زیادہ ہونے سے اس کا رنگ اور معیار متاثر ہوتا ہے۔انہوں نے کاشتکاروں کو مزید ہدایت کی کہ جب پیاز کو برداشت کر لیا جائے تو اسے فوری طور پر ذخیرہ کرنے کی بجائے دو تین دن تک سایہ دار اور ہوا دار جگہ میں ہی پڑا رہنے دیا جائے تاکہ وہ اچھی طرح خشک ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران پیاز کو پانی لگنے سے بچایا جائے کیونکہ پانی لگنے سے پیاز کے گلنے کا عمل شروع ہو سکتا ہے جس سے کاشتکاروں کو مالی نقصان پہنچنے کا بھی احتمال رہتا ہے۔








