ای سی سی کا اجلاس، تمام ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک پر یوز آف سسٹم چارجز کے یکساں اطلاق سے متعلق سمریوں کی منظوری
ای سی سی کا اجلاس، تمام ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک پر یوز آف سسٹم چارجز کے یکساں اطلاق سے متعلق سمریوں کی منظوری

مزید خبریں
اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے تمام ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک پر یوز آف سسٹم چارجز کے یکساں اطلاق،دانش سکول کُری، اسلام آباد کے لیے 350 ملین روپے کی کی تکنیکی ضمنی گرانٹ اور ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے لیے 2500 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ سے متعلق سمریوں کی منظوری دیدی ہے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منگل کویہاں وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیر صدارت منعقد ہوا، اجلاس میں وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی جانب سے وزیر اعظم اپنا گھر پروگرام کے تحت ہاؤسنگ فنانس کی رسائی کو وسعت دینے کی تجویزسے متعلق پیش کردہ سمری کی منظوری دی گئی،نظرِ ثانی شدہ فریم ورک میں پروگرام کے اہداف کے حصول کیلئے ادارہ جاتی فنانسنگ، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس، بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی شمولیت اور نان بینکنگ مالیاتی اداروں کی شرکت شامل ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کی جانب سے“فیض احمد فیض کمپلیکس، نارووال”کی تعمیر کے منصوبے کے لیے 100 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی درخواست سے متعلق پیش کردہ سمری کی منظوری دی گئی، کمیٹی نے اسی وزارت کیجانب سے دانش سکول کُری، اسلام آباد کے لیے 350 ملین روپے کی کی تکنیکی ضمنی گرانٹ سے متعلق پیش کردہ سمری کی منظوری بھی دی تاکہ تعلیمی سرگرمیوں کے آغاز کے بعد آپریشنل ضروریات اور ناگزیر اخراجات پورے کیے جا سکیں،اجلاس میں قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کی جانب سے یومِ آزادی/معرکہ حق تقریبات 2025 کے اخراجات پورے کرنے کے لیے 59.624 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ سے متعلق پیش کردہ سمری کی منظوری دی،ای سی سی نے وزارتِ صنعت و پیداوار کی جانب سے پیش کردہ سمری بھی منظور کی جس میں نیشنل الیکٹرک وہیکل پالیسی 2025–30 کے تحت پاکستان ایکسیلیریٹڈ وہیکل الیکٹریفکیشن (پی اے وی ای) پروگرام کے دوسرے مرحلے کے آغاز سے متعلق اقدامات شامل تھے۔
کمیٹی نے پروگرام کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے مجوزہ ترامیم کی منظوری دی، جن میں تصدیقی عمل کو بہتر بنانا، رسائی کو وسعت دینا اور تھرڈ پارٹی تصدیق کے نظام کو مزید مضبوط بنانے پر زور شامل ہے۔ وزارتِ داخلہ و انسدادِ منشیات کی جانب سے پیش کردہ سمری پرکمیٹی نے مالی سال 2025–26 کے دوران ڈائریکٹوریٹ جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے لیے 2500 ملین روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، گرانٹ تنخواہوں، الاؤنسز، پیداواری اخراجات اور بقایا واجبات سمیت آپریشنل ضروریات کو پوراکرنے کیلئے استعمال میں لائی جائیگی۔
کمیٹی نے وزارتِ پیٹرولیم کی نیشنل اسٹیل کمپلیکس لمیٹڈ کو اس کی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے گیس کی فراہمی سے متعلق معاملات بارے سمری کی منظوری دیدی،کمیٹی نے گیس کی دستیابی سے مشروط مقررہ نرخوں پر صنعتی عمل اور کیپٹو پاور جنریشن کے لیے گیس کی فراہمی کی اجازت دے دی۔
ای سی سی نے ایسے معاملات میں منظوری کے لیے پیٹرولیم ڈویژن کو یکساں پالیسی اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔اجلاس میں وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی جانب سے پیش کردہ سمری کی منظوری بھی دی گئی جس میں تمام ڈسکوز بشمول کے الیکٹرک پر یوز آف سسٹم چارجز کے یکساں اطلاق کی تجویز دی گئی ہے تاکہ مسابقتی تجارتی دوطرفہ معاہدہ مارکیٹ (سی ٹی بی سی ایم) کے تحت مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ کمیٹی نے یہ چارجز تمام وہیلنگ صارفین پر یکساں طور پر لاگو کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری قیصر احمد شیخ، وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین (ورچوئل)، وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان، متعلقہ وزارتوں و ڈویژنز کے وفاقی سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔








