پاکستان کشیدگی میں کمی اور بامعنی بات چیت کے فروغ کے لیے خطے اور اس سے باہر مسلسل سفارتی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے، نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا بین الاقوامی پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب

پاکستان کشیدگی میں کمی اور بامعنی بات چیت کے فروغ کے لیے خطے اور اس سے باہر مسلسل سفارتی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے، نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار کا بین الاقوامی پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی اور بامعنی بات چیت کے فروغ کے لیے خطے اور اس سے باہر مسلسل سفارتی کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہے۔ نائب وزیراعظم سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو یہاں پاکستان علماء کونسل کے زیر اہتمام چھٹی بین الاقوامی پیغام اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کانفرنس میں ممتاز بین الاقوامی اور قومی علماء و سکالرز کی شرکت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ کانفرنس کا انعقاد ایک بروقت اقدام ہے جسے سراہا جانا چاہیے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے جموں و کشمیر اور فلسطین کے بارے میں پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا اور مسلم اتحاد کی اہمیت، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے مرکزی کردار اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کے لیے اجتماعی اقدامات پر زور دیا۔

نائب وزیراعظم نے عالمی سطح پر اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کے کردار اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی ثابت قدمی اور قومی عزم کو خراج تحسین پیش کیا اور ’’معرکہ حق‘‘ کی سالگرہ کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں امن، ترقی اور خوشحالی پاکستان کے قومی وژن کے مرکزی ستون ہیں۔