نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے حکام نے کہا ہے کہ ملک بھر کے 79 مخصوص اضلاع میں 18 تا 24 مئی 2026 کے دوران خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا۔مہم کے دوران تقریباً ایک کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے
ملک کے 79 مخصوص اضلاع میں 18 تا 24 مئی 2026 کے دوران خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا، این ای او سی
اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) کے حکام نے کہا ہے کہ ملک بھر کے 79 مخصوص اضلاع میں 18 تا 24 مئی 2026 کے دوران خصوصی انسدادِ پولیو مہم کا انعقاد کیا جائے گا۔مہم کے دوران تقریباً ایک کروڑ 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ یہ خصوصی مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت منعقد کی جا رہی ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو مؤثر انداز میں روکا جا سکے۔ جاری اعداد وشمار کے مطابق صوبہ پنجاب کے 10 اضلاع میں 61 لاکھ 90 ہزار بچوں، سندھ کے 20 اضلاع میں 57 لاکھ 90 ہزار بچوں، خیبر پختونخوا کے 23 اضلاع میں 46 لاکھ 10 ہزار بچوں جبکہ بلوچستان کے 25 اضلاع میں 19 لاکھ 90 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی 4 لاکھ 50 ہزار بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔این ای او سی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بچوں کو پولیو سے محفوظ مستقبل فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔ حکام نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، پولیو ورکرز کے لئے اپنے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ پاکستان کو پولیو سے پاک بنایا جا سکے۔









