الیچی کا ایک درخت اوسطاً 2سے 4من پھل کی پیداوار دیتاہے،زیادہ کاشت اوربرآمدسے قیمتی زر مبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے،ماہرین زراعت
الیچی کا ایک درخت اوسطاً 2سے 4من پھل کی پیداوار دیتاہے،زیادہ کاشت اوربرآمدسے قیمتی زر مبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے،ماہرین زراعت

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 07 مئی (اے پی پی):الیچی ایک انتہائی اہم اور نقد آور فصل ہے جس کا پھل نہائت میٹھا اور لذیز ہونے کے علاوہ عوام میں بے حد پسند کیا جاتا ہے تاہم اس کی نگہداشت کی بہت زیادہ ضرورت ہوتی ہے اور اسے معمول کے باغات اور پھلوں سے ہٹ کر کئی گنا زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے اسلئے باغبان الیچی کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے پانی کی کمی نہ آنے دیں اور اگر بارشیں نہ ہوں تو درختوں پر دن میں کم از کم 2مرتبہ مصنوعی بارش برسانے کا بھی اہتمام کریں تاکہ الیچی کے پودوں کی پانی کی ضرورت کو پورا کیا جا سکے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹرمحکمہ زراعت توسیع عامر صدیق نے بتا یا کہ الیچی کا پھل زیادہ تر جنوبی پنجاب کے گرم علاقوں میں بہتر انداز میں نشو ونما پاتا ہے جس کو ٹہنی کے ساتھ قلم کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتا یا کہ اگر الیچی کی زیادہ سے زیادہ کاشت کیلئے اقدامات کئے جائیں تو اس نقد آور پھل کو برآمد کر کے قیمتی زر مبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ امر بھی دلچسپی کا حامل ہے کہ اگرچہ الیچی کا پھل گرم تاثیر رکھتا ہے لیکن اس کے باوجود اسے گرمیوں میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیچی کی 4اقسام گولا، کلکتی،بے دانہ،بمبے کم کاشت ہونے کے باعث مہنگے داموں فروخت ہوتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ الیچی کا ایک درخت اوسطاً 2سے 4من پھل کی پیداوار دیتا ہے جو مارکیٹ میں 400سے 600روپے فی کلو فروخت ہوتا ہے اس طرح ایک ایکڑ سے باغبان کم از کم4لاکھ روپیہ آمدنی حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے بتا یاکہ اس ضمن میں مزید معلومات کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔








