ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کا2026 کی پہلی سہ ماہی میں 3ارب 66 کروڑ روپے کا قبل از ٹیکس منافع

ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک نے 2026 کی پہلی سہ ماہی میں 3ارب 66 کروڑ روپے کا قبل از ٹیکس منافع حاصل کیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 4 اعشاریہ 4 گنا زیادہ ہے۔

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک نے 2026 کی پہلی سہ ماہی میں 3ارب 66 کروڑ روپے کا قبل از ٹیکس منافع حاصل کیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 4 اعشاریہ 4 گنا زیادہ ہے۔بینک کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 31 مارچ 2026 کو ختم ہونے والی سہ ماہی میں بعد از ٹیکس منافع 1 ارب 49 کروڑ روپے جبکہ فی شیئر آمدن 2 اعشاریہ 47 روپے ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی آمدن میں سال بہ سال 24 فیصد اضافہ ہوا جبکہ نیٹ مارک اپ آمدن میں 22 فیصد اور فیس پر مبنی آمدن میں 27 اعشاریہ 1 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بینک کے مطابق قرضہ جاتی پورٹ فولیو، ٹریژری بزنس اور ادائیگیوں کی خدمات میں وسعت اس بہتری کی اہم وجوہات رہیں۔بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب خان نے کہا کہ ریکارڈ کارکردگی صارفین کے اعتماد، مؤثر حکمت عملی اور مالی خدمات تک رسائی بڑھانے کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینک مستقبل میں بھی جدت، ڈیجیٹل ایکو سسٹم کی مضبوطی اور مالی شمولیت کے فروغ پر توجہ مرکوز رکھے گا۔

اعلامیے کے مطابق 31 مارچ 2026 تک بینک کے مجموعی اثاثے 217 اعشاریہ 6 ارب روپے تک پہنچ گئے جبکہ صارفین کے ڈپازٹس میں سال بہ سال 52 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 153 اعشاریہ 4 ارب روپے رہے۔بینک کے چیف فنانشل آفیسر امین سخیانی نے کہا کہ ڈیجیٹل فرسٹ ماڈل اور ٹیم کی صلاحیتوں کی بدولت بینک مسلسل ترقی کر رہا ہے اور لاکھوں پاکستانیوں کو بینکاری سہولیات فراہم کر رہا ہے۔اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ ایزی پیسہ کے ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 2 کروڑ 20 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ ایک سال کے دوران 30 لاکھ نئے ڈیجیٹل صارفین کا اضافہ ہوا ہے۔

 

مزید خبریں