لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں دو روزہ لاہور کتھک فیسٹیول کے پہلے روز رنگا رنگ اور فکر انگیز سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جہاں ملک بھر سے نامور کتھک فنکاروں، اساتذہ اور نوجوان رقاصوں نے بھرپور شرکت کی
الحمرا میں لاہور کتھک فیسٹیول سرگرمیاں جاری

مزید خبریں
لاہور۔8مئی (اے پی پی):لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں دو روزہ لاہور کتھک فیسٹیول کے پہلے روز رنگا رنگ اور فکر انگیز سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، جہاں ملک بھر سے نامور کتھک فنکاروں، اساتذہ اور نوجوان رقاصوں نے بھرپور شرکت کی۔ فیسٹیول میں مہاراج کتھک اسٹوڈیو اور الحمرا میں ورکشاپس کا اہتمام کیا گیا جن کو مان سید، حماد رشید اور سجتا بینرجی نے بڑی محنت سے سجایا۔ ان سیشنز میں شرکا کو کتھک کے فنی، تکنیکی اور جمالیاتی پہلوئوں سے آگاہ کیا گیا۔ مندوبین کا کہنا تھا کہ یہ فیسٹیول ایک ایساتخلیقی اور ثقافتی موقع ثابت ہوا ہے جس کی ضرورت بہت پہلے محسوس کی جا رہی تھی، اور اب یہ روایت مستقل بنیادوں پر آگے بڑھتی رہے گی۔ پہلے روز منعقدہ پینل ڈسکشن میں شیما کرمانی، نگہت چوہدری، بینا جواد، عدنان جہانگیر اور غزل عرفان نے شرکت کی۔
مقررین نے کتھک کی تاریخ، اس کے تہذیبی پس منظر، موجودہ دور میں اس کی اہمیت اور فنکاروں کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی۔ شرکا نے اس بات پر زور دیا کہ رقص ہماری ثقافت کی زندہ روایت ہے جسے وقت کے ساتھ ساتھ مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ فنکار اپنے جذبات اور معاشرتی موضوعات کا حقیقی اظہار کر سکیں۔اس دوران فنونِ لطیفہ تک رسائی، نوجوان نسل کی شمولیت اور ان اساتذہ کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے مشکل حالات میں بھی اس فن کو زندہ رکھا۔دوسری پینل ٹاک میں نوجوان کتھک فنکاروں مومنہ فاروق خان، حماد رشید، جیسیکا زکریا اقبال اور کنزہ بانو نے شرکت کی۔








