ملتان آرٹس کونسل کے زیر اہتمام خواتین کی عظمت، سماجی وقار اور معاشرتی کردار کو اجاگر کرنے کیلئے تین روزہ تقریبات کا آغاز 14 مئی سے ہوگا۔ تقریبات میں پینٹنگ، ٹیبلوز اور تقریری مقابلے شامل ہوں گے جن میں طلبہ، طالبات اور عام شہری شرکت کریں گے۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل سلیم قیصر نے بتایا کہ پہلا پروگرام 14 مئی بروز جمعرات صبح 9 بجے زوار حسین آرٹ گیلری میں پینٹنگ …
ملتان آرٹس کونسل میں خواتین کی عظمت اجاگر کرنے کیلئے تین روزہ تقریبات 14 مئی سے شروع ہوں گی

مزید خبریں
ملتان ۔ 13 مئی (اے پی پی):ملتان آرٹس کونسل کے زیر اہتمام خواتین کی عظمت، سماجی وقار اور معاشرتی کردار کو اجاگر کرنے کیلئے تین روزہ تقریبات کا آغاز 14 مئی سے ہوگا۔ تقریبات میں پینٹنگ، ٹیبلوز اور تقریری مقابلے شامل ہوں گے جن میں طلبہ، طالبات اور عام شہری شرکت کریں گے۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل سلیم قیصر نے بتایا کہ پہلا پروگرام 14 مئی بروز جمعرات صبح 9 بجے زوار حسین آرٹ گیلری میں پینٹنگ اور مصوری کے مقابلے کی صورت میں منعقد ہوگا۔ مقابلے کا موضوع ’’ہم مائیں، ہم بہنیں، ہم بیٹیاں، قوموں کی عزت ہم سے ہے‘‘ رکھا گیا ہے۔ 15 سے 30 سال عمر کے طلبہ و طالبات اور جنرل پبلک سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات اس میں حصہ لے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پینٹنگ مقابلے میں پہلی پوزیشن پر 50 ہزار روپے، دوسری پر 30 ہزار جبکہ تیسری پوزیشن پر 20 ہزار روپے انعام دیا جائے گا۔
امیدوار اپنے رنگ اور دیگر سامان خود ساتھ لائیں گے جبکہ کینوس کا سائز 18×24 مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 15 مئی کو اسلم انصاری آڈیٹوریم میں ٹیبلوز مقابلہ ہوگا جس میں 10 سے 22 سال عمر کے امیدوار حصہ لیں گے۔ اس کے بعد 16 مئی کو اسی مقام پر تقریری مقابلہ منعقد ہوگا جس میں 15 سے 30 سال عمر کے امیدوار 3 سے 5 منٹ کی تقاریر پیش کریں گے۔ ٹیبلوز اور تقریری مقابلوں میں پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کیلئے بالترتیب 30 ہزار، 25 ہزار اور 20 ہزار روپے کے انعامات رکھے گئے ہیں۔ تمام شرکاء کو شرکت کے سرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے جبکہ ججز کا فیصلہ حتمی ہوگا۔







