ایس ایم ایز کو آسان قرضے فراہم کر کے صنعتی انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے، سیف الرحمان

وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ اگر کمرشل بینک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کو آسان شرائط پر بلا رکاوٹ قرضے فراہم کریں تو یہ شعبہ ملک میں صنعتی انقلاب برپا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے

لاہور۔17مئی (اے پی پی):وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمان نے کہا ہے کہ اگر کمرشل بینک چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کو آسان شرائط پر بلا رکاوٹ قرضے فراہم کریں تو یہ شعبہ ملک میں صنعتی انقلاب برپا کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔اتوار کو یہاں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز معیشت کی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور غربت میں کمی لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مناسب مالی معاونت سے یہ شعبہ برآمدات بڑھانے اور قومی معیشت کو مستحکم کرنے میں نمایاں کردار ادا کر سکتا ہے۔سیف الرحمان نے کہا کہ خواتین کاروباری شخصیات سمیت متعدد ایس ایم ایز کو قرضوں کے حصول میں آسانی پیدا کرنی چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ غیر ضروری دستاویزات، طویل طریقہ کار اور سخت شرائط چھوٹے کاروباری افراد کی حوصلہ شکنی کر رہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کو آسان، شفاف اور کاروبار دوست بنایا جائے تاکہ ایس ایم ایز ملکی صنعتی ترقی اور پائیدار معاشی استحکام میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

مزید خبریں