رحیم یارخان ،گندم کی خرید و فروخت، ذخیرہ اور ترسیل کے حوالہ سے واضح ہدایات جاری

ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے گندم کی خرید و فروخت، ذخیرہ اور ترسیل کے حوالہ سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں جن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

رحیم یارخان ۔ 17 مئی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی جانب سے گندم کی خرید و فروخت، ذخیرہ اور ترسیل کے حوالہ سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں جن پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تمام زمیندار، فلور ملز مالکان، سیڈ کمپنیاں، آڑھتی، گودام مالکان یا دیگر افراد و ادارے جو گندم کے کاروبار سے منسلک ہیں، وہ اپنے پاس موجود گندم کے تمام ذخائر تین یوم کے اندر لازمی طور پر ڈکلیئر کریں ۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ گندم کے ذخائر محکمہ خوراک پنجاب کی مقرر کردہ ایپلیکیشن کے ذریعے یا متعلقہ ڈپٹی کمشنر و اسسٹنٹ کمشنرز دفاتر میں رجسٹرڈ کروائے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مقررہ مدت کے بعد دورانِ چیکنگ یا کارروائی اگر کوئی غیر اعلانیہ ذخیرہ سامنے آیا تو اسے غیر قانونی ذخیرہ اندوزی تصور کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب ذخیرہ اندوزی، ناجائز منافع خوری اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ مقررہ مدت کے بعد غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی گندم بحقِ سرکار ضبط کرتے ہوئے متعلقہ افراد کے خلاف قانونی و ضابطہ کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے تمام متعلقہ افراد اور کاروباری حلقوں کو ہدایت کی کہ وہ حکومتی احکامات پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے اپنے گندم کے ذخائر بروقت ڈکلیئر کریں تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع میں گندم کی دستیابی، شفاف سپلائی اور عوامی مفاد کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

مزید خبریں