فیصل آباد،کماد کے کاشتکاروں کو جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے فوری گوڈی کی ہدایت

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد نے کماد کے کاشتکاروں کو جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے فوری گوڈی کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ کے ترجمان نے کہا ہے

فیصل آباد۔ 18 مئی (اے پی پی):نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت فیصل آباد نے کماد کے کاشتکاروں کو جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے فوری گوڈی کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ جڑی بوٹیوں کی تلفی جہاں فصل کو نقصان سے بچاتی ہے وہیں زمین نرم ہونے کے باعث فصل کی جڑیں بھی خوب پھیلتی ہیں جس سے اچھی پیداوار حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار ستمبر کاشتہ کماد کی فصل کومئی کے رواں ہفتہ کے دوران نائٹروجن کھاد کی دوسری قسط ڈال دیں اور اس کے بعد مناسب آبپاشی بھی کریں۔

انہوں نے کہاکہ کاشتکار مونڈھی فصل کی باقی ماندہ نائٹروجنی کھاد کی پہلی قسط ڈالنے کے بعد پودوں پر مٹی چڑھادیں تاکہ بارش، تیز ہواؤں یاآندھی کے باعث فصل کو گرنے سے بچایاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار کماد کی جڑ اور تنے گڑوؤں کے تدارک کےلئے ماہرین زراعت کی مشاورت یا محکمہ زراعت کے عملہ کی رہنمائی حاصل کرتے ہوئے مناسب دانہ دار زہریں ڈال سکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ زہریں ڈالنے کے بعد کھیت کو پانی لگانے کے بھی مثبت نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔

مزید خبریں