کم پانی والے علاقوں میں کاشتکاروں کو باجرے کی کاشت کی ہدایت

کم پانی والے علاقوں میں کاشتکاروں کو باجرے کی کاشت مکمل کرنے کامشورہ دیا گیا ہے ۔

فیصل آباد ۔ 18 مئی (اے پی پی):کم پانی والے علاقوں میں کاشتکاروں کو باجرے کی کاشت مکمل کرنے کامشورہ دیا گیا ہے ۔ڈپٹی ڈائریکٹرمحکمہ زراعت عدیل احمد نے کہاکہ باجرہ موسم گرما کا ایک اہم چارہ ہے جو پانی کی کمی کو بہتر طور پر برداشت کر لیتاہے اور اس کی فصل کیڑے مکوڑوں کے حملے سے بھی محفوظ رہتی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ باجرے کی فصل ہلکی میرا زمین میں کاشت کی جا سکتی ہے تاہم کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ زمین میں 2سے 3مرتبہ مٹی پلٹنے والا ہل چلانے کے بعد سہاگہ چلا کر زمین کو نرم و بھربھرا کر لیں۔ انہوں نے بتایاکہ باجرے کی فصل کو عا م طور پر چھٹے کے ذریعے کاشت کیا جا تا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ نہری علاقوں میں 6کلوگرام فی ایکڑ اور بارانی علاقوں میں 4سے 5کلوگرام فی ایکڑ بیج ڈال کر بہترین فصل حاصل کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر باجرے کی اگیتی فصل میں رواں ملاکر کاشت کی جا ئے تو چارے کی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اس کی غذائیت کو بھی بہترین بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔

مزید خبریں