سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کی فارمرز ایڈوا ئزری کمیٹی نے کپاس کے کاشتکاروں کیلئے کھاد اور آبپاشی اور کیڑےمار ادویہ کے سپرے کے حوالے سے 31مئی تک کے لیے سفارشات جاری کر دیں ۔ سی سی آر آئی ملتان کی فارمرزٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کا چھٹا اجلاس پیر کو یہاں ڈائریکٹر سی سی آر آئی صبا حت حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔جس میں اگیتی وموسمی کپاس کی کامیاب کاشت …
کپاس کے کاشتکاروں کے لیے 31 مئی تک کی سفارشات جاری

مزید خبریں
ملتان۔ 18 مئی (اے پی پی):سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹیٹیوٹ ملتان کی فارمرز ایڈوا ئزری کمیٹی نے کپاس کے کاشتکاروں کیلئے کھاد اور آبپاشی اور کیڑےمار ادویہ کے سپرے کے حوالے سے 31مئی تک کے لیے سفارشات جاری کر دیں ۔ سی سی آر آئی ملتان کی فارمرزٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کا چھٹا اجلاس پیر کو یہاں ڈائریکٹر سی سی آر آئی صبا حت حسین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔جس میں اگیتی وموسمی کپاس کی کامیاب کاشت و نگہداشت کے حوالے سے کاشتکاروں کے لیے دو ہفتے کے لیے جامع سفا رشات پیش کی گئیں۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ایسے کاشتکار جن کی فصل پر پھول ،ڈوڈیاں اور ٹینڈے بننے کا عمل شروع ہے تو اس فصل میں 10 تا20 کلوگرام ایس او پی یا ایم او پی بذریعہ آبپاشی دیں۔ گرمی کی شدت کے پیش نظر کاشتکار فصل کی حفاظت کے لئے فصل کو غذائی اجزا دیں۔ کاشتکار فصل میں لگی ڈوڈیوں اور ٹینڈوں میں اضافے کے لئے پوٹاشیم سلفیٹ 300 گرام، میگنیشیم سلفیٹ 350 گرام،زنک سلفیٹ 250 گرام، کاپر سلفیٹ 200گرام اوربوریکس 200 گرام ،سب کا الگ الگ محلول تیار کریں ،اس کے بعد سب کو ملا کر 100 لٹر پانی میں ملانے کے بعد فی ایکڑ کے حساب سے سپرے کریں اور 15 دن کے وقفہ سے یہ عمل دہرائیں۔
ایسے کاشتکار جن کی فصل 25-30 دن ہو گئی ہے اس کی چھدرائی جلد از جلد مکمل کریں اور چھدرائی کے فورا بعد ایک بوری ڈی اے پی یا ایک بوری این پی استعمال کریں۔ چھدرائی کا عمل پودوں کے جھاڑ بننے کے لئے بھی ضروری ہے۔ کہیں کہیں پر اگیتی کپاس کی چنائی شروع ہو گئی ہے۔ بیج کے لئے رکھی گئی کپاس کی چنائی کرنے کے بعد ،پھٹی کو خشک کریں اور جننگ جلد مکمل کرلینے کے بعد اس کو مناسب جگہ پر محفوظ کیا جائے۔ اور بیج کے لئے لگائی گئی فروری کاشتہ کپاس میں روگنگ کا عمل مکمل کریں۔ فصل کو پھول گڈی آنے پر پانی کمی ہرگز نہ آنے دیں۔ صبح یا شام ٹھنڈے اوقات میں ہلکہ آبپاشی کریں۔ جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے مربو طریقہ انسداد اختیا ر کریں۔ ٹرپ ل جین کپاس کی اقسام والی فصل میں جڑی بوٹیوں کی تلفی کے لئے گلائفوسیٹ کا سپرے احتیاط سے کریں ،پودوں پر سپرے نہ کیا جائے ،اس کے لئے حفاظتی شیلڈ لگانا بہتر طریقہ ہے۔
جہاں ناغے ہیں وہ لازمی پر کریں۔ گوڈی بذریعہ ٹریکٹر کرنی ہو تو احتیاط برتیں تاکہ فصل کو نقصان نہ ہو۔ کہیں کہیں پر لشکری سنڈی کا حملہ ٹکڑیوں کی صورت میں ملنے کی اطلاعات ہیں۔ کپاس کے پتے چھلنی نما نظر آ رہے ہیں تو اس صورت میں کاشتکار متاثرہ پودوں اور ارد گرد 20 لٹر پانی کی ٹینکی میں 40 ملی لٹر لیوفیوران کا سپرے کریں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ اس وقت مجموعی طور پر کپا س کی صورت حال تسلی بخش ہے۔ کپا س کے کاشتکار حتی الامکان پہلا سپرے تاخیر سے کریں۔ سپرے اسی صورت میں کریں جب فصل سٹریس میں ہو ۔ جنہوں نے ابھی کپاس کاشت کرنی ہے تو وہ بجائی جلد از جلد مکمل کرلیں ،تاخیر ہرگز نہ کریں۔ فصل کو ابتدائی 40 دن تک رس چوسنے والے کیڑوں سے محفوظ رکھنے کے لیے بجائی سے پہلے بیج کو امیڈاکلوپرڈ اور ٹیبوکونازول کے مکسچر (10 ملی لیٹر فی کلو بیج) سے سیڈ ٹریٹمنٹ کرنا ضروری ہے۔کاشتکار کپاس کی کاشت ایسی جگہوں پر ہرگز نہ کریں جہاں بھنڈی یا بینگن کی فصلیں پہلے سے موجود ہوں۔
اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ کاشتکار ر س چوسنے والے کیڑوں، خصوصاً سفید مکھی سے بچاؤ کے لیے کاشتکارپیلے چپکنے والے پھندے 10 عدد فی ایکڑ کے حساب سے کھیت میں لگائیں۔ اگر سفید مکھی معاشی حد تک یا زائد پہنچ جائے تو کاشتکار حضرات فلونیکا مڈ 80 گرام یا سینٹرانیلی پرول اور ڈائی فینتھرون کا مکسچر 300 ملی لٹر بحساب 100 لٹر پانی میں ملا کر فی ایکڑ سپرے کریں۔ جبکہ سبز تیلہ کی معاشی نقصان کی حد پر کاشتکار فلونیکا مڈ 60 گرام یا ڈائی نوٹیفرون100 گرام بحساب 100 لٹر پانی میں ملا کر فی ایکڑ سپرے کریں۔ کپاس کی فصل پر ڈوڈیاں لگنے کی صورت میں گلابی سنڈی کے حملوں سے بچاؤ اور فصل کی مؤثر مینجمنٹ کے لیے 10 عدد سیکس فیرامون ٹریپس فی ایکڑ لگائیں جبکہ مانیٹرنگ کے لیے پانچ ایکڑ میں ایک فیرامون ٹریپ نصب کیا جائے۔
کپاس کے بعض کاشتکاری علاقوں میں دیمک کے حملے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ کاشتکار دیمک کے کنٹرول کے لیے کلوروپِریفوس 1000 ملی لیٹر اور فیپرونل 480 ملی لیٹر کے مکسچر کو فلڈ کے ذریعے آبپاشی میں استعمال کریں۔اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے سربراہان ساجد محمود، ڈاکٹر محمد اکبر، ڈاکٹر محمدطارق، ڈاکٹر رابعہ سعید، محمد اعظم، اورڈاکٹر آسیہ پروین نے شرکت کی۔ فارمرز ایڈوائزری کمیٹی کا آئندہ ساتواں اجلاس یکم جون 2026 کو سی سی آر آئی میں منعقد ہوگا۔








