عید الاضحیٰ کی آمد، محکمہ لائیو سٹاک فیصل آباد نے مویشی منڈیوں و سیل پوائنٹس پر فیلڈ سٹاف متحرک کر دیا

عید الاضحٰی کے پیش نظر محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب نے فیصل آباد ڈویژن میں بھی مویشی منڈیوں، اینیمل سیل پوائنٹس اور بین ا لاضلاعی داخلی و خارجی چیک پوسٹوں پر اپنے فیلڈ سٹاف کو متحرک کر دیا ہے تاکہ صحت مند جانوروں کی دستیابی کو یقینی اور عوام کو متعدی و خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے

فیصل آباد ۔ 18 مئی (اے پی پی):عید الاضحٰی کے پیش نظر محکمہ لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ پنجاب نے فیصل آباد ڈویژن میں بھی مویشی منڈیوں، اینیمل سیل پوائنٹس اور بین ا لاضلاعی داخلی و خارجی چیک پوسٹوں پر اپنے فیلڈ سٹاف کو متحرک کر دیا ہے تاکہ صحت مند جانوروں کی دستیابی کو یقینی اور عوام کو متعدی و خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔اسی سلسلے میں محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیموں کے ڈویژن بھر کی مختلف مویشی منڈیوں کے دورے جا ری ہیں۔ان دوروں کا مقصد لمپی سکن اور منہ کھر سمیت دیگر قابلِ اطلاع امراض اور چیچڑ کی افزائش کے حوالے سے سروے کرنا ہے۔ سروے کے دوران مویشی مالکان و کسانوں سے معلومات لی گئیں اور خوش آئند طور پر اب تک کسی بھی جانور میں LSD یا FMD کی کوئی علامت یا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

یہ محکمے کی مسلسل مانیٹرنگ، بروقت ویکسینیشن اور موثر آگاہی مہمات کا نتیجہ ہے۔دورے کے دوران کسانوں اور مالکان کو کانگو وائرس جیسے خطرناک وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے خصوصی آگاہی دی گئی اور جانوروں کو ذبح کرتے وقت ان کی کھالوں کی مناسب دیکھ بھال اور حفاظت بارے آگاہی اور معلوماتی بروشرز بھی تقسیم کئے گئے تاکہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کر سکیں۔ مزید برآں ،ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر حیدر علی نے مختلف مویشی منڈیوں اور چیک پوسٹوں کا دورہ کیا اور وہاں ویٹرنری عملے کی حاضری و ادویات کی دستیابی کو چیک کیا اور عملے کو خدمات کی فراہمی جاری رکھنے کی تاکید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری لائیوسٹاک پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈویژن بھر میں لگائی جانے والی مویشی منڈیوں، سیل پوائنٹس اور چیک پوسٹوں پر ویٹرنری سٹاف چوبیس گھنٹے خدمات سرانجام دے رہا ہے، جہاں جانوروں کی صحت کی جانچ، ویکسینیشن، مفت علاج اور مویشی مالکان کو رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔

عوام سے گزارش ہے کہ قربانی کے جانور خریدتے وقت محکمہ لائیوسٹاک کے قائم کردہ ویٹرنری کیمپس سے تصدیق ضرور کروائیں اور کسی بھی مشکوک بیماری کی صورت میں قریبی ویٹرنری کیمپ یا ہیلپ لائن پر فوری اطلاع دیں۔

 

مزید خبریں